وزیرستان :500 ٹرانسپورٹرز کی پہیہ جام ہڑتال کی دھمکی

162

بنوں(صباح نیوز)شمالی وزیرستان کی ٹرانسپورٹ یونین کے 5 سو سے زاید ٹرانسپورٹرزنے معاوضے نہ ملنے کی صورت میں غیر معینہ مدت تک پہیہ جام ہڑتال، شٹرڈائون اور اسلام آباد میں احتجاجی دھرنے کی دھمکی دے دی۔ اتوار کو شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی میں آل ٹرانسپورٹ یونین شمالی وزیرستان کے صدرنورعلی خان کی قیادت میں سیکڑوں ٹرانسپورٹ مالکان نے اجلاس کے بعدفقیر گائوں سے میرعلی تک گاڑیوں کی احتجاجی ریلی نکالی جس کی قیادت ٹرانسپورٹ یونین کی کابینہ کے اراکین نے کی ۔ آل ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر نور علی خان،جنرل سیکرٹری پیر سید ولی شاہ اور دیگر نے ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آپریشن ضرب عضب سے پہلے اور بعد میں شمالی وزیرستان کے عوام کو بے تحاشہ نقصانات اٹھانے پڑے ہیں جس سے ہزاروں لوگوں کی روزی روٹی کا انتظام بند ہوچکا ہے لیکن حکومت کو ان لوگوں کے مسائل کا احساس تک نہیں ہے جس سے لوگوں میں بے چینی پھیل رہی ہے ، ہم مرحلے میں عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے سٹرکیں بند نہیں کرنا چاہتے ہیں تاہم اگر ایک ماہ کے اندر اندر ہمارے مطالبات پر غور نہیں کیا گیا تو ہم آئندہ کی حکمت عملی پر غور کریں گے جس میں بنوں غلام خان کی اہم شاہراہ کو بند کرنے کے علاوہ پہیہ جام اور شٹرڈائون پر بھی غورکریں گے۔