مقبوضہ کشمیرمیں مزید4شہید، تمام راستے بند، گھر گھر تلاشی

305

سری نگر( خبرایجنسیاں)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے مزید4 نوجوانوں کو فائرنگ کرکے شہید کر دیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ریاستی دہشت گردی کا تازہ واقعہ ضلع آننت ناگ، اسلام آباد کے علاقے وتریگام میں پیش آیا جہاں قابض بھارتی فوج نے علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن شروع کیا، اس دوران گھر گھر چھاپے مارے گئے اور تلاشی لی گئی ۔رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ محاصرے کے دوران ایک کشمیری کے گھر کو مسمار بھی کیا۔ شہید ہونے والے نوجوانوں کی شناخت طارق، مظفر، عمر اور سجاد کے نام سے ہوئی ہے۔ظالمانہ کارروائی کے خلاف کشمیری عوام نے بھارت کے خلاف احتجاج کیا۔ 224 روز سے جاری کرفیو اور لاک ڈاؤن سے وادی میں نظام زندگی بدستور مفلو ج ہے اورصورتحال انتہائی سنگین ہو چکی ہے۔ کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند ہیں جبکہ ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے تاہم مظالم کے باوجود کشمیری بھارت سے آزادی کے کے لیے پرعزم ہیں۔ کشمیری عوام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا کے مختلف علاقوں میں لاک ڈاؤن کی صورتحال ہے جب کہ کشمیریوں کے لیے یہ بالکل بھی نیا نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مودی وائرس کورونا وائرس سے بھی زیادہ خطرناک ہے، دنیا کو کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کا احساس کرنا چاہیے اور ان کے درد کو سمجھنا چاہیے۔ دوسری جانب بھارت کی خصوصی عدالت ٹاڈا نے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک اور دیگر افراد پر 30 سال قبل درج کیے گئے ایک جھوٹے مقدمے میں فرد جرم عاید کردی۔اس دوران عدالت نے حریت رہنمااور ان کے ساتھیوں کو آزادانہ طریقے سے مقدمے کا دفاع کرنے کا موقع بھی فراہم نہیں کیا۔