الخدمت کے زیراہتمام کراچی سینٹرل جیل میں کمپیوٹر کورس(CIS) کے امتحانات میں کامیاب 81قیدیو ں میں اسناد تقسیم

225

کراچی(اسٹاف رپورٹر)الخدمت کے زیراہتمام کراچی سینٹرل جیل میں قائم کمپیو ٹرانسٹی ٹیوٹ میں کمپیوٹر کورس میں کامیاب 81قیدیو ں میں اسناد تقسیم کی گئیں۔

اس سلسلے میں سینٹرل جیل کراچی میں ایک تقریب منعقد ہوئی،جس سے ڈی آئی جی جیل خانہ جات قاضی نذیراحمد مہمان خصوصی تھے،جبکہ الخدمت کراچی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی،ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدرالدین اورسینئرسپرنٹنڈنٹ جیل محمد حسین سہتونے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں الخدمت کے دیگر ذمہ داران اور جیل حکام موجود تھے۔اس موقع پر کمپیو ٹر کورس (CIS)کے امتحانات میں کامیاب قیدیوں میں اسناد تقسیم کی گئیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قاضی نذیراحمد نے کہا کہ الخدمت کی کاوشیں قابل قدر ہیں۔الخدمت قیدیوں کو ہنر مند بنانے کیلئے جو کام کر رہی ہے اس سے یقینا معاشرے میں مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

راشد قریشی نے تمام کامیاب قیدیوں کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ الخد مت قیدیوں کو ہنر مند بنانا چاہتی ہے۔اس پروگرام کا مقصد یہی ہے کہ کسی بھی غلطی یا جرم کے سبب قید کاٹنے والے قیدی جب اپنی سز امکمل کر کے جیل سے نکلیں تو وہ ہنر مند بن کر یہاں سے جائیں اوراپنے خاندان کیلئے باوقار طریقے سے روزگار کما سکیں۔

قاضی سید صدرالدین نے کہا کہ سینٹرل جیل کراچی میں کمپیو ٹرانسٹیٹیوٹ سابق ناظم کراچی نعمت اللہ خان(مرحوم) کے دور نظامت میں الخدمت کے تعاون سے قائم کیا گیا تھا۔ الخدمت جیلوں میں قیدیوں کی فلاح وبہبود کیلئے کام کر رہی ہے۔

جیل میں قائم الخدمت کے کمپیوٹر انسٹیٹیو ٹ کے ذریعے کمپیوٹر کی تعلیم بھی اسی منصوبے کا حصہ ہے۔انہوں نے تعاون پر جیل انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔محمد حسین سہتو نے الخدمت کو جیل انتظامیہ کی جانب سے بھرپورتعاون کی یقین دہانی کروائی۔