رجوع الی اللہ مہم

544

جماعت اسلامی پاکستان نے 17مارچ بروز منگل سے پورے ملک میں کورونا وائرس کے حوالے سے رجوع الی اللہ مہم کا آغاز کیا ہے۔ کورونا وائرس کیا ہے اس حوالے سے بہت ساری خبریں، نکات وجوہ پرنٹ، الیکٹرونک اور سوشل میڈیا کے ذریعے سامنے آرہی ہیں۔ پوری دنیا میں 125 سے زاید ممالک اس کی زد میں آچکے ہیں جن میں اب تک سب سے زیادہ جانی نقصان چین کا ہوا ہے اس کے بعد ایران اور یورپ کے اہم شہر اٹلی کا ہورہا ہے یہ وباء پورے یورپ میں پھیل رہی ہے۔ اس وائرس نے پوری دنیا میں ایک ایسی خوف کی فضاء قائم کردی ہے کہ اب ایک دوسرے سے لوگ ہاتھ ملانے سے کترا رہے ہیں، جبکہ ہمارے پیارے نبیؐ کا کہنا ہے تم ایک دوسرے سے مصافحہ کرو تاکہ تمہارے دلوں کا کینہ دور ہوتا رہے۔ ویسے ہمیں کچھ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا چاہیے۔
کل نماز عصر کے بعد ہماری مسجد کے پیش امام صاحب نے کورونا وائرس کے موضوع پر تھوڑی سی بات کی اور لوگوں کو سمجھایا کہ ہمیں ہر وقت استغفار کرتے رہنا چاہیے اور دعا کرنا چاہیے کہ اللہ تعالی ٰ ہم سب کو اس وباء سے محفوظ رکھے اس کے لیے انہوں نے کہا کہ جس بھائی سے ممکن ہو سکے وہ سورہ بقرہ روز پڑھے پوری ممکن نہ ہو سکے تو جتنی پڑھ سکتا ہے اتنا پڑھ لے سورہ بقرہ کے بارے میں حدیث ہے کہ جس گھر میں یہ سورت روز پڑھی جاتی ہو اس گھر میں شیطان داخل نہیں ہوتا۔ اگر یہ نہیں پڑھ سکتے تو آیت کریمہ (سیدنا نوحؑ نے مچھلی کے پیٹ میں جو دعا پڑھا تھا یعنی لا الہ الا انت سبحانک انی کنت من الظلمین) کا ورد کرتے رہیں گھروں میں جائیں تو صابن سے ہاتھ دھولیں با وضو رہیں تو بہتر ہے صفائی کا خصوصی خیال رکھیں۔
16مارچ بروز پیر امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے مسجد قبا فیڈرل بی اییریا میں نماز ظہر کے بعد نمازیوں سے اس حوالے سے ایک مختصر خطاب کیا انہوں نے اپنی گفتگو کا آغاز سورہ روم کی اس آیت سے کیا کہ ’’خشکی اور تری میں فساد برپا ہو گیا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا ایک خوف کا شکار ہے ہمارے ملک میں بھی اس حوالے سے حکومت مختلف اقدامات اور فیصلے کررہی ہے۔ جماعت اسلامی نے بھی اپنی ساری سرگرمیاں معطل کر کے کل سے رجوع الی اللہ مہم کا آغاز کیا ہے اس مہم میں ہمیں کیا کرنا ہے سب سے پہلے تو آپ اپنے گھر والوں کو ساتھ لے کر بیٹھیں اور اجتماعی توبہ استغفار کریں اپنے گناہوں کی معافی مانگیں اور اللہ سے اس وباء سے محفوظ ہونے کی دعائیں مانگیں۔ کھانا کھانے سے پہلے اور بعد میں ہاتھ دھونے کی ہدایت تو ہمارے پیارے نبیؐ نے پہلے ہی ہمیں دی ہوئی ہے۔ آپ باہر سے گھر آئیں تو صابن سے اچھی طرح ہاتھ دھولیں بہتر ہے کہ وضوکرلیں اور باوضو رہنے کی عادت ڈال لیں یہ وضو ایک قسم کا حصار ہوتا ہے اب اگر ایک آدمی با وضو ہو اور نماز کا وقت آگیا اور اس نے نماز کے لیے دوبارہ وضوکرلیا تو وہ ایک طرح سے دوہرے حصار میں آگیا۔ حصار کا مطلب ایک قلعہ کے چاروں طرف ایک دیوار ہے اب آپ نے دوسرا وضو کرلیا تو وہ دو دیوار ہو گئی۔ اپنی جسمانی صفائی کا خصوصی خیال رکھیں دانتوں کو صاف رکھیں ناک کان کو میل سے صاف رکھیں گھر کے کچن اور واش روم کی صفائی کا خصوصیت سے خیال رکھیں جس بستر پر آپ سوتے ہوں اس کو دھوپ دکھا دیں یہ سورج کی دھوپ بھی ہمارے لیے میڈیسن کا کام دیتی ہے اس سے جراثیم مرتے ہیں۔ گھر میں جو ضروری اور کام کی چیزیں ہیں صرف انہیں رکھیں اور ان کی صفائی کا اہتمام کرتے رہیں ہمارے گھر میں بہت ساری فالتو چیزیں بھی ہوتی ہیں جن کی کبھی کبھی ضرورت پڑتی ہے ایسی تمام چیزوں کو ایک جگہ باندھ کر کہیں اسٹور میں رکھ دیں۔ کہیں فالتو گپ شپ کرنے کے لیے نہ بیٹھیں بلکہ اگر کسی محفل میں ہوں تو ذکر اذکار کا اہتمام کریں یہ نہ ہو کہ ہم لاہور میں فون کرکے معلوم کریں کہ وہاں کی کیا اطلاعات ہیں بلکہ محفل میں ساتھیوں سے غیر ضروری گفت و شنید کے بجائے اسی رجو ع الی اللہ کے حوالے سے با ت کریں۔
نبی اکرمؐ نے امت کو ایک دعا بتائی ہے اور اس کے بارے میں کہا ہے کہ یہ زبان پر آسان اور ہلکی ہے لیکن وزن میں سب سے بھاری ہے آخرت میں ایک پلڑے میں یہ ذکر ہو اور دوسرے پلڑے میں بقیہ تمام اذکار ہوں تو تب بھی اس ذکر کا پلڑا بھاری ہو گا، اور وہ ذکر ہے۔ آپ ہر وقت اٹھتے بیٹھتے اس ذکر کا ورد کرتے رہیں۔
سبحان اللہ و بحمدہٗ سبحان اللہ العظیم
انہوں نے کہا کہ یہ مہم اسی وقت چل سکتی ہے بلکہ کامیاب ہو سکتی ہے جب آپ سب اس میں شریک ہوں اور پھر دوسروں تک یہ پیغام پہنچائیں اور ان کو بھی اس مہم میں عملاً شریک کریں۔ اس انتظار میں نہ رہیں محنتی صاحب کی طرف سے یا امیر کراچی کی طرف سے ہدایت آئے گی تو مہم شروع کریں گے۔ اللہ ہمیں اس مہم میں کامیابی عطا فرمائے۔ آمین