پختونخوا میں کورونا کا ایک بھی کیس ریکارڈ نہیں ہوا، شوکت یوسفزئی

87

پشاور(آن لائن)خیبرپختونخوا کے وزیر محنت اور ثقافت شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ پختونخوا میں ابھی تک کورونا کا ایک بھی کیس ریکارڈ نہیں ہوا ،صوبائی حکومت نے وبا سے نمٹنے کے لیے بھرپور تیاری کی ہوئی ہے، وزیر اعلیٰ محمود خان خود ٹاسک فورس کی نگرانی کررہے ہیں،مولا بخش چانڈیو پی ٹی آئی اور کورونا وائرس انتظامات پر تنقید کرنے سے پہلے اپنے اردگرد ضرور دیکھیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آفریدی میڈیکل کمپلیکس پشاور میں پہلے انٹرنیشنل مینیمل انویسیو سپائن کورس آن فل انڈو اسکوپک اسپائن سرجری، نیو کلیو پلاسٹی اینڈ اسپائنل انجیکٹس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر جنگلات سید اشتیاق ارمڑ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کورونا کی روک تھام کے لیے صوبائی حکومت کے احکامات اور تدابیر پر ہر حال میں عمل کرایا جائے گا۔ شادی ہالوں اورا سکولوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ صوبے میں بغیر کٹ کے پہلے اسپائنل سرجری کے کامیاب آپریشن انتہائی خوشی کی بات ہے کہ یہ ٹیکنالوجی پشاور کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں بھی آگئی ہے۔ کامیاب سرجری کے بعد صوبائی وزیر نے ڈاکٹرزکی ٹیم میں اعزازی شیلڈ بھی تقسیم کیں۔