تفتان میں زائرین کو بہتر طریقے سے نہیں رکھا گیا، مرتضیٰ وہاب

198

کراچی:ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ تفتان میں زائرین کو بہتر طریقے سے قرنطینہ میں نہیں رکھا گیا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اسکول بند ہوسکتے ہیں تو مدارس،یونیورسٹیاں بھی بند ہوسکتی ہیں،علما تعاون کررہے ہیں، مذہبی رہنما بھی خود احتیاط کی تلقین کر رہے ہیں، خوش آیند بات ہے کہ علما حکومت کی مدد کر رہے ہیں،تعلیمی اداروں سے متعلق کہیں سے کوئی شکایت آتی ہے تو کارروائی کی جاتی ہے،تعلیمی اداروں سے متعلق 90 فیصد احکامات پر عمل درآمد ہو رہا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ کل اجلاس میں ریسٹورنٹس کے معاملے پر بحث کی گئی، ریسٹورنٹس دیر تک کھلے رہتے ہیں لوگوں کا رش ہوتا ہے، آج  ریسٹورنٹس  کے حوالے سے بھی اہم فیصلہ کرینگے، پورا ملک ایک ساتھ مل کر فیصلے کرے گا تو بہتر نتائج آئیں گے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ قرنطینہ میں لوگوں کو سمجھانے کے لیے علما کی مدد لی جارہی ہے، تفتان میں زائرین کو بہتر طریقے سے قرنطینہ میں نہیں رکھا گیا، ہمارے خدشات درست ثابت ہوئے جب تفتان سے آئے افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے مقابلہ کرنا ہم سب کی ذمے داری ہے، احتیاط برتنے کی ضرورت ہے،غیر ضروری آمد و رفت نہ کی جائے۔

مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ سندھ بھر میں 146 کورونا وائرس کے کیسز ہیں، تمام مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے،2صحت یاب ہوچکے۔