تعلیمی ادارے بند کرنے کے بجائے حفاظتی اقدامات کیے جائیں

164

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم ڈویژن شعیب اعظم سلیمی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس میں احتیاطی تدابیر ضروری ہیں مگر تعلیمی اداروں کو بند کرنا طلبہ وطالبات کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ ہے۔تعلیمی اداروں کو بند کرنے کے بجائے کورونا وائرس سے بچنے کے لیے آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے۔ حکمران اللہ اور رسول ﷺ کے احکامات سے بغاوت کے بجائے اجتماعی توبہ و استغفار کریں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں شرح خواندگی پہلے ہی انتہائی کم ہے ۔ طلبہ طالبات کے امتحانات ہونے والے ہیں حکمران طبقہ حقیقی مسائل کے حل کی بجائے ایسے اقدامات کررہاہے جن سے عوام کی توجہ حکمران طبقہ کی نااہلی پر نہ پڑے،انہوں نے کہاکہ تعلیمی اداروں کو بند کرنا اس مسئلے کا حل نہیں اس سے نجات کے لیے ہنگامی انتظامات کیے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے خوف و ہراس کی بجائے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا اہم ہے۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ حکومتی سطح پر اس وبا سے بچائو کیلیے سمینارز،آگاہی واک اور دیگرپروگرامات کا انعقات کیاجائے اورسکول ،کالجزاوریونیورسٹیز کو کھولاجائے تاکہ طلبہ اپنی پڑھائی جاری رکھ سکیں ۔طلبہ کو کلاس روم میں اس وائرس سے بچائو کیلیے آگاہی دی جاتی تو زیادہ بہترتھاچھٹیاں کرکے ان کے مستقبل سے کھیلنے اورانہیں اس وبا کے حوالے کردیاگیاہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس سے بچنے کے لیے تعلق بااللہ کو مضبوط کیا جائے، توبہ و استغفار کو کثرت دی جائے۔ بڑے پیمانے پر کورونا وائرس سے بچائو کے لیے آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے۔