پاکستان میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت، مریضوں کی تعداد272 تک پہنچ گئی

551

گلگت بلتستان کی حکومت نے کورونا وائرس سے متاثرہ شخص کے انتقال کی تصدیق کردی ہے، جس کے بعد پاکستان میں پہلا مریض دورانِ علاج دم توڑ گیا ہے۔جبکہ مزید 10 کیسز سامنے آگئے جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد272 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان نے کورونا کی پہلی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انتقال کر جانے والے شخص کی عمر نوے برس تھی اور اْس کا تعلق چلاس سے تھا۔

حکومتی ترجمان فیض اللہ فراق کے مطابق مریض کو نمونیا تھا اور وہ سخت بخار میں مبتلا تھا، ڈاکٹرز نے مرض کی تشخیص کے لیے ٹیسٹ بھی کیا جس کی رپورٹ مثبت آئی تھی۔ اْن کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد تیرہ تک پہنچ گئی ہے۔

قبل وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمٰن نے پریس کانفرنس کے دوران گلگت بلتستان میں ایران سے آ ئے ہوئے مزید 10 زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق کی ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 13 ہوگئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ناقص انتظامات کی وجہ سے تعداد بڑھی ہے، بلوچستان حکومت نے اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کے زائرین کو گن پوائنٹ پر گلگت بھجوا دیا ہے۔وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ آبادی کے حساب سے کورونا کے سب سے زیادہ مریض گلگت بلتستان میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک ہزار کمروں پر مشتمل ہوٹلز کو کورونا سے متاثرہ افراد کے لیے مخصوص کیا گیا ہے جبکہ کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے 30 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مقامی سیاحوں کے لیے تین ہفتے کی پابندی عائد کر دی ہے، غیر ملکی سیاحوں کو سرٹیفیکیشن کے بعد داخلے کی اجازت ہوگی جبکہ 21 مارچ سے تمام مارکیٹیں بند ہوں گی۔پاکستان میں عالمی وبا قرار دیئے جانے والے کورونا وائرس کے کیسز میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے اور سندھ میں مزید 17 کیسز سامنے آگئے ہیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ تفتان سے سکھر آنے والے 290 زائرین کی ٹیسٹ رپورٹس موصول ہوچکی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان 290 ٹیسٹ رپورٹس میں سے 147 کا نتیجہ منفی جبکہ 143 کا مثبت آیا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ سکھر آنے والے زائرین میں سے 143 میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ اس کے علاوہ کراچی میں 38 کیسز ہیں، جس کے بعد صوبے کے مجموعی کیسز کی تعداد 181 ہوگئی ہے۔

بعد ازاں وزارت صحت سندھ کی میڈیا کوآرڈینیٹر میران یوسف نے کہا کہ تفتان سے سکھر آنے والے مزید 8 زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 189 ہوگئی ہے۔

خیبر پختونخوا کے وزیر صحت تیمور ظفر جھگڑا نے صوبے میں مزید 3 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 19 ہوگئی ہے۔وزیر صحت خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ نئے آنے والے کیسز بونیر، ہنگو اور مردان سے ہیں اور ان تینوں کی بین الاقوامی ٹریول ہسٹری موجود ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں مزید 2 کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 28 ہوگئی ہے۔ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 189 مشتبہ کیسز ہیں۔

واضح رہے کہ دسمبر 2019 میں چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والا کووڈ 19 (نوول کورونا وائرس) دنیا کے تقریباً 156 ممالک تک پھیل چکا ہے اور اب تک اس سے دنیا بھر میں ایک لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 8010 ہو گئی، دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 2 لاکھ 2 سو ہو گئی جبکہ 82 ہزار 813 صحت یاب ہو چکے ہیں۔

اٹلی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 345 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد اٹلی میں ہلاکتوں کی کل تعداد 2 ہزار 503 ہو گئی اور مزید 3 ہزار 526 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ ایران میں 135 افراد کی ہلاکت کے بعد اموات کی تعداد 988 ہو گئی اور ایک ہزار 178 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

امریکہ میں 29 افراد کی ہلاکت کے بعد اموات کی تعداد 115 تک پہنچ گئی اور مزید ایک ہزار 846 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ اسپین میں بھی کورونا وائرس کے اثرات میں تیزی آ گئی اور 24 گھنٹے کے دوران مزید 191 افراد کی موت ہو گئی جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 533 ہو گئی ہے۔

ترکی میں بھی کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی اور 51 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ترکی میں کورونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 98 ہو گئی ہے۔

فرانس میں بھی کورونا وائرس سے مزید 27 افراد کی ہلاکت کے بعد اموات کی تعداد 175 ہو گئی۔ برطانیہ میں 16 افراد کی ہلاکت کی تعداد وہاں اموات کی تعداد 71 تک پہنچ گئی۔دنیا بھر میں 24 گھنٹے کے دوران مزید 826 افراد ہلاک ہوئے ہیں،جن میں سب سے زیادہ 3 ہزار 99 اموات چین کے صوبے ہوبے میں ہوئیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا۔

26 فروری کو ہی معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں مجموعی طور پر 2 کیسز کی تصدیق کی۔
29 فروری کو ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں مزید 2 کیسز کی تصدیق کی، جس سے اس وقت تعداد 4 ہوگئی تھی، 3 مارچ کو معاون خصوصی نے کورونا کے پانچویں کیس کی تصدیق کی۔

6 مارچ کو کراچی میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آیا، جس سے تعداد 6 ہوئی۔
8 مارچ کو شہر قائد میں ہی ایک اور کورونا وائرس کا کیس سامنے آیا۔
9 مارچ کو ملک میں ایک ہی وقت میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے 9 کیسز کی تصدیق کی گئی تھی۔
10 مارچ کو ملک میں کورونا وائرس کے 3 کیسز سامنے آئے تھے جن میں سے دو کا تعلق صوبہ سندھ اور ایک کا بلوچستان سے تھا، جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 19 جبکہ سندھ میں تعداد 15 ہوگئی تھی۔
بعد ازاں سندھ حکومت کی جانب سے یہ تصحیح کی گئی تھی ‘غلط فہمی’ کے باعث ایک مریض کا 2 مرتبہ اندراج ہونے کے باعث غلطی سے تعداد 15 بتائی گئی تھی تاہم اصل تعداد 14 ہے، اس تصحیح کے بعد ملک میں کورونا کیسز کی تعداد 10 مارچ تک 18 ریکارڈ کی گئی۔

11 مارچ کو اسکردو میں ایک 14 سالہ لڑکے میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد مجموعی تعداد 19 تک پہنچی تھی۔
12 مارچ کو گلگت بلتستان کے ضلع اسکردو میں ہی ایک اور کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد ملک میں کورونا کے کیسز کی تعداد 20 تک جاپہنچی تھی۔
13 مارچ کو اسلام آباد سے کراچی آنے والے 52 سالہ شخص میں کورونا کی تصدیق کے بعد تعداد 21 ہوئی تھی، بعدازاں اسی روز ڈاکٹر ظفر مرزا نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران تفتان میں مزید 7 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ پاکستان میں مجموعی طور پر کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 28 ہوگئی ہے۔
14 مارچ کو سندھ و بلوچستان میں 2، 2 نئے کیسز کے علاوہ اسلام آباد میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا جس کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 33 ہوگئی۔
15 مارچ کو اسلام آباد اور لاہور میں ایک ایک، کراچی میں 5، سکھر میں 13 کیسز سامنے آئے جس کے بعد ملک بھر میں مجموعی تعداد کیسز کی تعداد 53 ہوگئی تھی۔
16 مارچ کو ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اچانک بہت تیزی سے اضافہ ہوا تھا اور سندھ میں تعداد 35 سے بڑھ کر 150 جبکہ خیبرپختونخوا میں نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ملک میں مجموعی تعداد 184 تک جا پہنچی تھی۔
17مارچ کو ملک کے چاروں صوبوں سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے مزید کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں مجموعی تعداد 237 تک پہنچ گئی تھی۔

قبل ازیں معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں کرونا کے حوالے سے تازہ معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 247 تک پہنچ گئیں، وفاقی دارالحکومت میں 7، پنجاب میں 9، سندھ میں 183، خیبرپختونخواہ میں اب تک 19 کیسز رپورٹ ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں کورونا کے 15، آزاد کشمیر میں ایک، گلگلت بلتستان میں 13 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ظفر مرزا کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کرونا وائرس سے متعلق ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے۔