شمالی وزیرستان میں پاک فوج کاآپریشن ،7دہشت گرد ہلاک، افسر سمیت 4جوان شہید

312

راولپنڈی (اے پی پی) سیکورٹی فورسز کے شمالی وزیرستان کے ضلع دتہ خیل کے قریب دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے پر آپریشن کے دوران 7دہشت گرد مارے گئے ، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے افسر سمیت 4جوان شہید اور ایک جوان زخمی ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی خفیہ پناہ گاہ سے متعلق مصدقہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر فورسز نے دتہ خیل سے 7کلومیٹر دور ماما زیارت پر دہشت گردوں کی خفیہ پناہ گاہ پر انفارمیشن بیسڈ آپریشن(آئی بی او) کے دوران محاصرہ قائم کیا تو پناہ گاہ میں چھپے دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 7دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک افسر سمیت 4سیکورٹی اہلکار شہید اور ایک جوان زخمی ہوگیا ۔سیکورٹی فورسز نے کلیئرنس کے دوران دہشت گردوں کی پناہ گاہ سے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد ،اسلحہ ،بارودی سرنگیں برآمد کیں۔ شہید ہونے والوں میں پاک فوج کے لاہور سے تعلق رکھنے والے 26سالہ لیفٹیننٹ آغا مقدس علی خان ، لیہ سے تعلق رکھنے والے 36سالہ لانس حوالدار قمر ندیم ، لیہ کے رہائشی 24سالہ سپاہی محمد قاسم اور نارووال کے رہائشی 23سالہ سپاہی توصیف شامل ہیں ۔ لانس حوالدر کی ان کی بیوہ کے علاوہ 2 بچے اور ایک بچی ہے۔