بلوچستان فوڈ اتھارٹی ،مضرصحت کھانے فروخت کرنے پر ریسٹورنٹ پر جرمانہ ،کھاناتلف

163

کوئٹہ(نمائندہ جسارت) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے غیر معیاری خوراک کی تیاری و فروخت اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر ماڈل ٹاؤن میں قائم معروف ریسٹورنٹ پر جرمانہ عائد کرتے ہوئے ریسٹورنٹ سے برآمد ہونے والی مضر صحت اشیا تلف کردیں۔بی ایف اے کی معائنہ ٹیم نے عوامی شکایات موصول ہونے پر منگل کے روز مذکورہ ریسٹورنٹ کا معائنہ کیا ،صفائی کی ناقص صورتحال کچن و اسٹوریج ایریا میں گندگی، گلی سڑی سبزیوں کی موجودگی اور مجموعی طور پر عوام کو حفظان صحت کے اصولوں کے برخلاف غیر معیاری خوراک کی فراہمی پر ریسٹورنٹ کیخلاف کارروائی کی گئی۔علاوہ ازیں فوڈ اتھارٹی حکام کی جانب سے ریسٹورنٹ مالکان کو صفائی کے انتظامات بہتر کرنے معیاری اجزا کے استعمال اور فوری طور پر ملازمین کے میڈیکل ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کی گئی جبکہ اس حوالے سے انہیں بی ایف اے کے وضع کردہ اسٹینڈرڈز کے بارے میں خصوصی ایس او پیز بھی دیے گئے۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی ابراہیم بلوچ کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ بی ایف اے عوام کو معیاری و محفوظ خوراک کی فراہمی اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق غذائی اشیا کی تیاری کے لیے پوری طرح متحرک ہے اور اس حوالے سے بی ایف اے اپنے حصے کی ذمہ داری بطریق احسن سرانجام دے رہی ہے ،اس سلسلے میں اشیاء خورونوش کا کاروبار کرنے والوں کا بھی فرض بنتا ہے کہ وہ لوگوں کو پاک، صاف اور معیاری اشیاکی فروخت یقینی بنائیں بصورت دیگر بی ایف اے قوانین کیخلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔