کورونا :خدمات پربلوچستان کے80ڈاکٹرز کو8ماہ کے واجبات مل گئے

66

کوئٹہ (نمائندہ جسارت)حکومت بلوچستان نے بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال اور سول سنڈیمن اسپتال کوئٹہ کے پوسٹ گریجویٹ 80ڈاکٹروںکو8ماہ کے واجبات کی ادائیگی کیلیے 8 کروڑ روپے جاری کردیے ہیں۔سپرٹینڈنٹ بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال ڈاکٹر محمد سلیم ابڑو کے مطابق پی جی ڈاکٹرز کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال میں انسانی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر پوری تندہی سے کام کررہے ہیں ،امید ہے کہ تنخواہوں کی ادائیگی کے بعد ڈاکٹر قومی ایمرجنسی میں غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ
کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل ہیں، ماہرین طب اور تمام ڈاکٹرز سے لیکر سوئپرز تک 3شفٹوں میں24 گھنٹے کام کررہے ہیں۔ کوروناوائرس کی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر سرجری عارضی طور پر بند کردی گئی ہے تاہم ایمرجنسی کا آپشن بدستور موجود ہے ۔وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان ،چیف سیکرٹری اور سیکرٹری صحت بلوچستان طبی ریلیف و سرگرمیوں کو براہ راست مانیٹر کررہے ہیں اور اس مقصد کے لیے چیف سیکرٹری آفس میں قائم خصوصی کنٹرول روم تسلسل کے ساتھ فعال ہے کورونا وائرس کے موجودہ چیلنج سے نبردآزما ہونے کے لیے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور قومی امید ہے کہ حکومت اور عوام مل جل کر کورونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب رہیں گے۔