ماتلی (نمائندہ جسارت) سلیم کالونی ماتلی میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے 5 ماہ قبل جاں بحق ہونے والے 12 سالہ یاسین خاصخیلی کی قبر کشائی کرکے سول جج 1 ماتلی عرفان علی خواجہ کی نگرانی میں لاش کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔ یاد رہے کہ پانچ ماہ قبل 9 نومبر 2019ء کو متذکرہ کالونی کے مکانات کی چھت سے گزرنے والی بجلی کی 11 ہزار وولٹ کی تاروں سے کرنٹ لگنے سے معصوم طالب علم اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔ متوفی کے اہل خانہ نے اس کا ذمے دار حیسکو ماتلی کو قرار دیا تھا، اس کی ایف آئی آر حیسکو ماتلی کے سابق ایس ڈی او امتیاز میمن، لائن سپرنٹنڈنٹ رب نواز نظامانی اور لائن مین غلام نبی میمن کیخلاف متوفی کے چاچا عبدالحکیم خاصخیلی کی مدعیت میں پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی تھی۔