کراچی کا ایکسپو سینٹر قرنطینہ میں تبدیل

645

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان آرمی کی جانب سے ایکسپو سینٹر کراچی میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے لیے آئسولیشن سینٹر قائم کردیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان آرمی کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے سندھ حکومت کی مکمل معاونت کررہی ہے، اس سلسلے میں پاک آرمی کی جانب سے کراچی میں قرنطینہ سینٹرقائم کردیا گیا ہے۔اعلیٰ سول اور عسکری حکام نے کراچی میں ایکسپوسینٹر کا دورہ کیا اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا، قرنطینہ سینٹر میں سندھ حکومت اورآرمی کی ٹیمیں ملکرکام کررہی ہیں۔

دورے کے دوران اعلیٰ سول و عسکری حکام نے عملے کو مریضوں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے اور صحت کے اصولوں کی پاسداری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ کیمپ میں حفاظتی اسپرے کرکے طبی اور سیکیورٹی عملہ کو تعینات کردیا گیا ہے۔اس سے قبل اطلاع تھی کہ کراچی ایکسپو سینٹر کو قرنطینہ میں تبدیل کرنے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں میں اتفاق کرلیا گیا،اس سلسلے میں کمشنر کراچی نے وزیراعلی سندھ سے ہدایات کے بعد وفاق سے رابطہ کرکے تمام اقدامات سے آگاہ کرلیا ہے،ایکسپو سینٹرکو قرنطینہ میں تبدیل کرنے کا باقاعد نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 458 ہو گئی ہے، وائرس سے مجموعی طور پر 3 افراد جاں بحق جبکہ 5 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔