کراچی، بے احتیاطی و لاپرواہی کے باعث پوری فیملی کورونا مریض بن گئی

823

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ناظم آباد میں خاتون کی بے احتیاطی و لاپرواہی کے باعث پوری فیملی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سعودی عرب سے شادی میں شرکت کے لیے کراچی پہنچنے والی خاتون میں کورونا وائرس کی پہلے تصدیق ہوئی ہے، مریضہ نے شادی کے فنکشن میں شرکت کی تھی۔

خاتون میں کورونا کی تشخیص کے بعد اہل خانہ کے ٹیسٹ کیے گئے تو خاندان کے 9 افراد میں کورونا وائرس پایا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کو گھر میں آئسولیٹ کردیا گیا ہے، ایک ایک کرکے شادی کی تقریب میں آنے والے افراد کا پتا لگایا جارہا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں کورونا وائرس سے ایک مریض انتقال کرگیا تھا، وزیر صحت نے 77 سال کے مریض کی کورونا وائرس سے موت کی تصدیق کی تھی جبکہ ملک میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔

یاد رہے کہ ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر سندھ حکومت نے ابھی مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں 72 افراد کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے، ان لوگوں نے سوشل ڈسٹنسنگ پر عمل کیا ہے، احتیاط اور خود کو محفوظ رکھنے کا فائدہ سامنے ہے آئیں ہم سب ذمہ دار شہری ہونے کا مظاہرہ کریں۔