الخدمت ٹاسک فورس کا سکھر میں قرنطینہ سینٹر کا دورہ ‘ ڈپٹی کمشنر سے ملاقات

598
سکھر: الخدمت ہیلتھ فائونڈیشن کا وفد ڈاکٹر حفیظ الرحمن کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر محمد عدیل سے قرنطینہ سینٹر میں سہولیات کی فراہمی پر گفتگو کررہاہے

سکھر (نمائندہ جسارت)وائس چیئر مین الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن و سربراہ اینٹی کورونا ٹاسک فورس الخدمت ڈاکٹر حفیظ الرحمن کی قیادت میں الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد نے سکھر میں سندھ حکومت کے تحت قائم قرنطینہ سینٹر کا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر سکھر محمد عدیل اور قرنطینہ سینٹر کے انچارج ڈاکٹر آغا سمیع اللہ سے ملاقات کی۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے لیے سکھر میں سندھ حکومت کے زیر انتظام قائم قرنطینہ سینٹر کا الخدمت فاؤنڈیشن کے اعلیٰ سطحی وفدنے دورہ کیا۔وفد میں صفیان احمد خان منیجنگ ڈائریکٹر الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن،اسسٹنٹ سیکرٹر ی الخدمت پاکستان اعجاز اللہ خان،نیشنل ڈائریکٹر ڈائیگنوسٹک سینٹرزالخدمت پاکستان انجینئر صابر احمد ، ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ خیر محمد تنیو ،پیما سکھر کے رہنما ڈاکٹر عبدالمجید میمن، صدر الخدمت سکھرمامون الرشید ودیگر شامل تھے، وفد نے قرنطینہ مرکز کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا، ،متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں تسلی دی اور اپنا حوصلہ بڑھائے رکھنے کی تلقین کی،قرنطینہ سینٹر کے انچارج ڈاکٹر آغا سمیع اللہ نے الخدمت کے وفد سے حفاظی کٹس فراہم کرنے اور سکھر میں الخدمت کے ڈاکٹروں کی فہرست دینے کا مطالبہ کیا۔ ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے سندھ حکومت کو الخدمت کی جانب سے مکمل سپورٹ اور قرنطینہ سینٹر میں طبی عملے لیے حفاظتی کٹس، پانی و دیگر سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر احتیاطی تدبیر کے لیے لائحہ عمل اور ایک دوسرے سے تعاون کی فضا قائم کرکے ہی اس وبا سے بچا جا سکتاہے، سندھ حکومت کی درخواست پر تھر پارکر میں قائم الخدمت اسپتال کا ایک فلور اس وبا سے نمنٹنے کے لیے وقف کردیا ہے،الخدمت اورسندھ حکومت کے فراہم کردہ پوسٹرز اور بینر زمختلف مقامات پر آویزاں کرکے الخدمت کے رضاکارقومی آگہی مہم میں اپنا حصہ ملارہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر محمد عدیل نے الخدمت کے وفد کی سکھر آمد اور قرنطینہ سینٹرو دیگر امور میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔وفد نے قرنطینہ سینٹر میں متاثرین کو منرل واٹر کی 900بوتلیں فراہم کیں۔ڈاکٹر حفیظ الرحمن کی سربراہی میں وفد نے الخدمت اسپتال گھوٹکی، شکار پور اور دیگر مراکز صحت میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کو طبی امداد کی فراہمی کے حوالے سے دورہ کرکے جائزہ لیا۔