قوم کو مایوسی کے بجائے امیداورحوصلے کی ضرورت ہے، راجا محمدجواد

161

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی راجا محمدجواد نے کہاہے کہ موجودہ حالات میں پاکستانی قوم کو مایوسی کے بجائے امید اور حوصلے کی ضرورت ہے۔ کورونا وائرس اللہ کی جانب سے آزمائش ہے، دنیا بھر میں شیطانی قوتیں اللہ کی حدود کو پامال کرتے ہوئے نہتے انسانوں پر ظلم کررہی تھیں، لیکن ایک معمولی نظر نہ آنے والے وائرس نے نام نہاد سپر پاورز اور ٹیکنالوجی سے لیس ریاستوں کوبے بس کردیا، پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلما نوں کا تعلق بھی اللہ سے کمزور ہوچکا تھا، اب ایک بار پھر موقع ہے اللہ کی طرف رجوع کرکے اپنے گناہوں کی معافی مانگتے ہوئے کریم رب کو راضی کرلیا جائے تاکہ آفات اور آزمائشوں سے نجات مل سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رجوع الی اللہ، کورونا آگاہی مہم کی پلاننگ اور تنظیمی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امیر ضلع چودھری عطا ربانی، صدر سیاسی کمیٹی شمس الرحمن سواتی، ڈپٹی سیکرٹری شکیل احمد سمیت ضلع بھر سے امرائے زون و سیکرٹریز نے بھی اظہار خیال کیا۔ راجا محمد جواد نے کہا کہ میڈیا، علما کرام، اساتذہ، وکلا، انجینئرز سمیت تمام طبقات عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے اور ان کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ حکومت غریبوں کے لیے بڑے امدادی پیکیج کا اعلان کرے۔ کورونا وائرس نے جس طرح عالمی معیشت کو تباہ کردیا ہے اسی طرح ملکی معیشت تباہ، مارکیٹس بند اور کاروبار بھی ٹھپ ہوچکے ہیں۔ خاص طور پر دیہاڑی دار مزدور فاقہ کشی پر مجبور ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے وفود ملک بھر میں علما کرام، سیاسی و سماجی رہنمائوں سے ملاقاتو ں کے دوران گلی، محلے کی سطح پر عوام کے اندر موجود کورونا کا خوف دور کرنے اور انہیں صفائی ستھرائی اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر مائل کریں گے۔ عوام مساجد، مارکیٹس، گھروں سمیت عوامی مقامات کی صفائی کا خصوصی اہتمام کریں۔