حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیدر آباد کے علاقے چوڑی پاڑے میں پولیس کی سرپرستی میں پلاٹ پر کرائے جانے والے قبضے پر دکاندار اور علاقہ مکین مشتعل ہوگئے۔ پولیس نے لاٹھی چارج کرکے مشتعل افراد کو منتشر کرنے کی کوشش کی اور کئی دکانداروں کو حراست میں لے لیا، دکانداروں کا شدید احتجاج۔ پھلیلی تھانے کی حدود چوڑی پاڑے کے رفاعی پلاٹ پر ایک بلڈر نے قبضہ کرکے وہاں تعمیرات کرانے کی کوشش کی، جس پر دکانداروں اور علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا۔ دکانداروں کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کی آڑ میں پولیس کی مبینہ سرپرستی میں پلاٹ پر قبضہ کرایا جارہا ہے۔ پولیس بلڈر کے ساتھ مل کر رفاعی پلاٹ پر غیر قانونی تعمیرات کرارہی تھی۔ احتجاج پر پولیس کی بھاری نفری نے دکانداروں پر لاٹھی چارج کیا، جس سے کئی دکاندار زخمی ہوگئے جبکہ 10سے زائد دکانداروں اور علاقہ مکینوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ واقعے کے بعد ایس ایس پی حیدرآباد اور رُکن صوبائی اسمبلی راشد خلجی جائے وقوعہ پر پہنچے، اس موقع پر دکانداروں نے پولیس کیخلاف شدید نعرے بازی شروع کردی۔