حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) کورونا وائر س سے متاثرہ 98 فیصد مریض صحت یاب ہوجاتے ہیںجو انتہائی اُمید افزا خبر ہے ۔ان خیالات کا اظہار تحریکِ ادب و ثقافت کے صدر عمران نور نے اپنے ایک بیان میں کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج، وفاقی، صوبائی و ضلعی حکومتوں،تمام سیاسی ،مذہبی، سماجی،تاجر جماعتوں،علمائے کرام ،کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ ،اُن کی ٹیم اور میڈیاسمیت معاشرے کی تمام اکائیوں کا اس کڑے وقت میں مخلصی سے یکجا ہوکر عوام کو اس مصیبت سے محفوظ رکھنے کے لیے مضبوط ڈھال بن جانا نہا یت احسن عمل ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے اور ساتھ ہی اس امر کی واضح غمازی بھی ہے کہ سب مل کر جلد اس مصیبت پر قابو پا لیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ’’ پرہیز علاج سے بہتر ہے ‘‘کو ذہن میں رکھتے ہوئے حکومتِ پاکستان اور سندھ حکومت کی ہدایات پر سختی سے عمل پیرا ہوں کیوں کہ جب آپ محفوظ ہوں گے تو دوسروں کی مدد زیادہ بہتر طریقے سے کر سکیں گے۔