الخدمت کے وفد کا سکھر قرنطینہ ومختلف مراکزصحت کا دورہ،متاثرین سے گفتگو

183

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد نے سکھر میں سندھ حکومت کے تحت قائم قرنطینہ سینٹر ،گھوٹکی، کشمور، شکارپورو دیگر اضلاع میں الخدمت کے مراکز صحت کاکا دورہ کیا ،ڈپٹی کمشنر سکھر محمد عدیل اور قرنطینہ سینٹر کے انچارج ڈاکٹر آغا سمیع اللہ سے ملاقات کی ۔ تفصیلات کے مطابق سکھر میں سندھ حکومت کے زیر انتظام قائم قرنطینہ سینٹر کا الخدمت فاؤنڈیشن کے اعلیٰ سطح وفدنے دورہ کیا ،متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں تسلی دی اور اپنا حوصلہ بڑھائے رکھنے کی تلقین کی گئی۔ قرنطینہ سینٹر کے انچارج ڈاکٹر آغا سمیع اللہ نے الخدمت کے وفد سے حفاظی کٹ فراہم کرنے اور سکھر میں الخدمت کے ڈاکٹروں کی فہرست دینے کا مطالبہ کیا ۔ وائس چیئر مین الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمن کی قیادت میں سفیان احمد خان منیجنگ ڈائریکٹر الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن، اسسٹنٹ سیکرٹر ی الخدمت پاکستان اعجاز اللہ خان،نیشنل ڈائریکٹر ڈائیگنوسٹک سینٹرزالخدمت پاکستان انجینئر صابر احمد ،ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ خیر محمد تنیو ،پیما سکھر کے رہنما ڈاکٹر عبدالمجید میمن، صدر الخدمت سکھرمامون الرشیدنے ڈپٹی کمشنر سکھرمحمد عدیل سے ملاقات کی اور قرنطینہ مرکز کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے سندھ حکومت کو الخدمت کی جانب سے مکمل تعاون اور قرنطینہ سینٹر میں طبی عملے لیے حفاظتی کٹ، پانی و دیگر سہولیات کی فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر احتیاطی تدابیرکے لیے لائحہ عمل اور ایک دوسرے سے تعاون کی فضا قائم کرکے ہی اس وبا سے بچا جاسکتاہے، سندھ حکومت کی درخواست پر تھر پارکر میں قائم الخدمت اسپتال کا ایک فلور اس وباسے نمٹنے کے لیے وقف کردی ہے،الخدمت اور سندھ حکومت کے فراہم کردہ پوسٹر اور بینر زمختلف مقامات پر آویزاں کرکے الخدمت کے ہزاروں رضاکارقومی آگہی مہم میں اپنا حصہ ملارہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر محمد عدیل نے الخدمت کے وفد کی سکھر آمد اور قرنطینہ سینٹرو دیگر امور میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔وفد نے قرنطینہ سینٹر میں متاثرین کو منرل واٹر کی 900بوتلیں فراہم کیں۔ڈاکٹر حفیظ الرحمن کی سربراہی میں وفد نے الخدمت اسپتال گھوٹکی، کھوٹکی ، شکار پور اور دیگر مراکز صحت میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کو طبی امداد کی فراہمی کے حوالے سے دورہ کرکے جائزہ لیا۔