مقبوضہ کشمیر :بھارتی پابند یوں کا231 واں روز‘عوام خوراک اور ادویات سے محروم

121

سری نگر(آئی این پی+اے پی پی )مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پابند یوں کا231 واں روز‘عوام خوراک اور ادویات سے محروم۔231روز سے مقبوضہ کشمیر میں زندگی قید ہے، وادی آج بھی دنیا کی سب سے بڑی جیل ہے،کورونا مریضوں کی اطلاعات کے بعد صورتحال جوں کی توں، کشمیری خوراک اورادویات سے محروم ہیں۔بھارتی مظالم کے باوجود مسئلہ کشمیر عالمی برادری کی نظر سے اوجھل ہے، قابض فوج تقریبا ًروز مظالم ڈھاتے ہوئے کشمیری نوجوانوں کو نام نہاد کارروائیوں کے دوران شہید کر دیتی ہے،اس کے باوجود کشمیریوں کا جوش و جذبہ کم نہیں ہوا۔وادی بھر میں لاک ڈائون کے باوجود کشمیری بھارتی پابندیوں کو خاطر میں نہیں لاتے بلکہ موقع ملنے پر بھارتی مظالم کے خلاف بھرپور احتجاج کا سلسلہ شروع کیے رکھے ہوئے ہیں۔دوسری جانب کشمیرمیڈیاسروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق بھارتی فوجیوں نے گزشتہ 21 روزکے دوران وادی کشمیر اور جموں خطے میں محاصروں اورتلاشی کی 256 کارروائیوں کے دوران 2خواتین سمیت کم سے کم 62 کشمیریوں کوگرفتار کیاہے۔ حریت رہنما ئوں، کارکنوں ، کم سن لڑکوں اور طلبہ سمیت ہزاروں کشمیری غیر قانونی طورپربھارت اور کشمیر کی جیلوں میںنظربند ہیں۔