کورونا سے بچنے اور حفاظتی تدابیر کے ساتھ رجوع الی اللہ کو یقینی بنایا جائے

59

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی نائب امیر رانا عدنان خاں نے کہا ہے کہ قوم کورونا وائرس سے بچنے کے لیے حفاظتی تدابیر کے لیے ساتھ رجوع الی اللہ کو یقینی بنائے، ہر شخص توبہ کرے اور تمام لوگ کورونا وائرس سمیت ڈینگی اور تمام وبائی امراض، مشکلات اور مسائل سے بچنے کے لیے اللہ رب العزت کے سامنے سجدہ ریز ہوں۔ تمام زونل اور یوسی امرا اپنے علاقوں میں شہریوں کو کورونا وبا سے بچانے کے لیے فری فیس ماسک اور سینی ٹائزر کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور گلی محلے کی سطح پر کورونا آگاہی مہم کو موثر انداز میں چلائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے زیر اہتمام شہر میں شروع ہونے والی رجوع الی اللہ اور کورونا آگاہی مہم کے حوالے سے جماعت اسلامی پی پی 112 کے زونل ذمے داران امیر رائے محمد جاوید، جنرل سیکرٹری محمد طیب انصاری، نائب امرا میاں سہیل انجم، عبدالماجد حسین، ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر میاں محمد عمران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ رہنمائوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آگیا ہے، جس کے بعد اشیا خورونوش کی اشیا کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے اور اینٹی کورونا وائرس اشیا، فیس ماسک اور سینی ٹائزر کی قیمتیں کئی سو گنا بڑھ گئی ہیں۔ حکومتی ادارے مہنگائی مافیا کے آگے بے بس دکھائی دے رہے ہیں جبکہ مزدور روزگار ختم ہونے کی وجہ سے دووقت کی روٹی کے لیے پریشان ہے۔