کورونا وائرس: روس میں شیروں کو چھوڑنے کی خبر جھوٹی نکلی

699

روسی صدر ولادمیر پیوٹن کی جانب سے ملک بھر کی گلیوں میں شیروں کو چھوڑنے کی خبر جھوٹی نکلی۔

روسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے لوگوں کو گھروں میں محصور کرنے کیلئے روسی صدر کی جانب سے شیروں کو سڑکوں اور گلیوں میں چھوڑے جانے کی سوشل میڈیا کی خبریں جھوٹی ہیں ۔

گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر تیزی سے ایک خبر وائرل ہوئی جس میں کورونا وائرس کی وجہ سے عوام کو گھروں میں محصور کرنے کیلئے شہر کی سڑکوں اور گلیوں میں شیرچھوڑ دیے گئے ہیں۔ تاہم روسی حکومت کی جانب سے خبر کو جھوٹ پر مبنی قرار دے دیا گیا۔

 

سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں میں کہا گیا تھا کہ روسی صدر کے حکم کے بعد روس میں 800 شیروں اور ٹائیگرز کو کھلا چھوڑ دیا گیا ہے تاکہ عوام گھروں سے باہر نہ نکلیں اور موذی وبا پر قابو پایا جا سکے۔

واضح رہےکہ سوشل میڈیا پر چلنے والی شیروں کی تصاویر 2016 کی جنوبی افریقہ کی ہیں، جس میں شیروں کو گلیوں میں گھومتے دیکھا جا سکتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرشیئر کی گئی پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ روسی صدر نے اپنے شہریوں کو دو آپشن دیئے ہیں جس میں ایک یہ کہ وہ دو ہفتے کیلئے گھروں میں رہیں یا پھر حکم کی خلاف ورزی پر 5 سال جیل جانے کو تیار رہیں۔