گلگت(مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے ڈاکٹر اسامہ ریاض کو گلگت میں سپرد خاک کردیا گیا۔ڈاکٹر اسامہ ریاض گلگت بلتستان میں مسافروں میں کورونا وائرس کی اسکریننگ پر معمور تھے جہاں وہ خود مہلک وائرس میں مبتلا ہوئے اور گزشتہ روز خالق حقیقی سے جاملے۔ڈاکٹر اسامہ ریاض کی نمازِ جنازہ گلگت میں ادا کی گئی جس کے بعد ان کی تدفین کونوداس قبرستان میں کی گئی۔تدفین سے قبل ڈاکٹر اسامہ ریاض کی میت کوپولیس کے دستے نے گارڈ آف آنرپیش کیا جبکہ تدفین میں صوبائی وزیربلدیات فرمان علی اور رکن اسمبلی حاجی شاہ بیگ نے شرکت کی۔ خیال رہے کہ گلگت بلتستان حکومت نے ڈاکٹر اسامہ ریاض کو قومی ہیرو قرار دیا ہے۔ دوسری جانب گلگت بلتستان میں اب تک 71 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔