پاکستان کی خاطر کشمیریوں کی قربانیوں کوفراموش نہیں کیا جا سکتا، علی گیلانی

118

سری نگر (صباح نیوز)کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے یوم پاکستان پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کی خاطر کشمیریوں نے جو قربانیاں دی ہیں انہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا، گزشتہ 7 ماہ سے مقبوضہ کشمیر میں جاری لاک ڈاؤن کی وجہ کشمیری عوام بھارتی افواج کے ہاتھوں پابند سلاسل ہیں اور انتہائی کسمپرسی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لیے عظیم قربانیاں دینے کے باوجود اب بھی کشمیری الحاق پاکستان کے لیے ڈٹے ہوئے ہیں اور ہمارا پختہ عزم ہے کہ ہم نے ایک دن پاکستان سے ملنا ہے اس کے لیے قربانیوں اور جدوجہد کا سلسلہ جاری ہے۔ یوم پاکستان ہمارے دلوں میں موجزن ہے،23 مارچ 1940ء کوجب آزاد وطن کی قرارداد منظور ہوئی تو اس دن سے لے کر آج تک کشمیری الحاق پاکستان کے لیے جدوجہد کررہے ہیں ۔بزرگ حریت رہنما نے کہا کہ 23مارچ تاریخی اعتبار سے ہمارے لیے انتہائی اہمیت کا حامل دن ہے، آج بھی بحیثیت قوم آزادی کشمیر کے لیے برسرپیکار ہیں ہمار ا عزم اور حوصلہ غیر متزلزل ہے ۔ پاکستان سے محبت کر تے ہیں کشمیر کی آزادی کے لیے ہماری صفوں میں مکمل طور پراتحاد ہے اس حوالے سے پاکستان اور اس کے عوام کے لیے نیک جذبات کا اظہار کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی طرف سے طبی سہولیات کے حق سے محروم رکھنا انسانی اصولوں کے منافی اور عالمی قوانین کی شدید خلاف ورزی ہے۔ کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دلانا عالمی برادری کی ذمے داری ہے۔