مقبوضہ کشمیر: قابض فوج نے کپواڑہ میں 6کشمیری نوجوان گرفتارکرلیے

149

سری نگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوںنے پیر کو ضلع کپواڑہ میں 6کشمیری نوجوانوں کو مجاہدین کے لیے کام کرنے کے الزام میں گرفتارکیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق نوجوانوں کو ضلع کے علاقے کیرن میں محاصرے اورتلاشی کی ایک کارروائی کے دوران گرفتارکیا گیا۔ گرفتارنوجوانوں میں سے4 کا تعلق ضلع بارہ مولہ کے علاقے سوپور سے ہے اور ان کی شناخت احتشام فاروق ملک ، شفقت علی ٹیگو ، مصعب حسن بٹ اور نثار احمد گنائی کے طورپر ہوئی ہے۔ دیگر2نوجوان ضلع کپواڑہ کے علاقے کیرن کے رہائشی ہیں اور ان کی شناخت کبیر لون اور شرافت احمد خان کے نام سے ہوئی ہے۔دریں اثنامقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی حکام نے اتوار کی شام سے 31 مارچ تک ضروری خدمات اور اشیا کی فراہمی کے سوا تمام اداروں کو بند رکھنے کا حکم دے دیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق چیف سیکرٹری بی وی آر سبرامنیم نے جموں وکشمیر کے تمام 20 ڈپٹی کمشنرز کو لکھے گئے خط میں کہا کہ لاک ڈائون اتوار کی شام 8 بجے سے 31 مارچ کی شام 6 بجے تک نافذ رہے گا۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے وبائی مرض کے پھیلاؤ کو روکنے اور وائرس کی منتقلی کے سلسلے کو توڑنے کے لیے یہ لاک ڈائون ضروری ہے۔