حکومت کی مجرمانہ غفلت پر چپ نہیں رہ سکتے، امیرمقام

111

سوات (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئرامیرمقام نے کہا ہے کہ پاکستان بنانے والی خالق جماعت ہی پاکستان کو مسائل اور مشکلات کی دلدل سے نکالے گی،یہ موقع سیاست کا نہیں لیکن حکومت کی مجرمانہ غفلت پر چپ نہیں رہ سکتے کیونکہ اس کی قیمت پوری قوم اپنی زندگی کی صورت میں ادا کرے گی جس پر ہم خاموش تماشائی نہیں بن سکتے، یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ اس سال کورونا کی وبا کی وجہ سے یوم قرار داد پاکستان کا دن ہم نہیں مناسکے۔ قائداعظم کی
ولولہ انگیز قیادت میں مسلم لیگ اور برصغیر کے مسلمانوں نے اپنی عظیم جدوجہد سے الگ وطن پاکستان حاصل کیا۔ ان کی جدوجہد اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم ہر مشکل، ہر آزمائش اور ہر نصب العین کو حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انجینئر امیرمقام نے کہاکہ کورونا کی عالمی وباپر ہمیں مکمل اتحاد، یک جہتی، بھائی چارے کے عظیم جذبے کا مظاہرہ کرنا ہے، آج ہمیں تحریک پاکستان والے جذبے کی ضرورت ہے، ہم نے ایک دوسرے کا خیال رکھنا ہے اور اپنے طرز عمل سے خدمت سے اپنے اردگرد سب کی جان محفوظ بنانی ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہبازشریف مشکل وقت میںپاکستان واپس آئے، انہوں نے ثابت کیا کہ انہیں سب سے بڑھ کرپاکستان اور اس کے عوام سے پیارہے۔