کوروناوائرس سے ملک بھر میں خوف وہراس پھیلا ہوا ہے ،فوزیہ محبوب

136

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی شعبہ خواتین کی ضلعی ناظمہ فوزیہ محبوب نے کہا ہے کہ آخری دور کی نبوی ﷺ پیش گوئیوں میں فتنوں کے پے در پے آنے کی خبر ہے کہ انسان ایک آزمائش سے سنبھل نہ پائے گا کہ دوسری آزمائش کاسامنا ہوگا۔کوروناوائرس کی وبا نے دنیا کو خوف وہراس میں مبتلا کیا ہوا ہے۔پاکستان میں بھی اس وائرس کے مریضوں کے سامنے آنے پر بے چینی پھیلی ہوئی ہے۔ہر ممکن احتیاطی تدابیر کے ساتھ ہمارا ایمان ہے کہ پریشانی آتی ہی رب کے اذن سے ہے اور جاتی بھی اس ہی کے حکم سے ہے۔ہماری ہر پریشانی اور آزمائش کا حل اللہ رب العزت سے تعلق مضبوط کرنے میں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کارکنان اور خواتین کے نام جاری اپنے پیغام میں کیا ۔ انہوں کے تاکید کی کہ کورونا وائرس کے حوالے سے بتائی جانے والی تمام احتیاط کے ساتھ روزانہ ایک تسبیح استغفار،صبح و شام کی دعائیں ، مرض و بیماری سے محفوظ رہنے کی دعائیں اور سنت نبوی ؐ کے مطابق کلونجی کا استعمال لازم کرلیں۔ مومن اُمید اور خوف کے درمیان ہوتا ہے، ربّ ذوالجلال پر بھروسہ رکھیں اور کسی بھی طرح کی افراتفری سے گریز کریں اور دوسروں کو بھی تلقین کریں۔ اللہ ہمارے گناہوں کو معاف فرمائے اور ہم سے راضی ہوجائے اور ہمارے وطن کو ہر آزمائش سے محفوظ رکھے۔