کورونا وائرس کے مریضوں کیساتھ سیلفی پر 6 سرکاری ملازمین معطل

62

سکھر(مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ کے قرنطینہ سینٹر میں کورونا وائرس کے مریضوں کے ساتھ سیلفی پر 6 سرکاری ملازمین کو معطل کردیا گیا۔عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے
مطابق پاکستان کے شہر سکھر میں واقع حکومت سندھ کے قرنطینہ سینٹر میں کورونا وائرس کے 399 مریض موجود ہیں جہاں 6 سرکاری ملازم نے ان میں سے چند مریضوں کے ساتھ تصاویر بنائیں اور سوشل میڈیا پر شیئر بھی کیں۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ان تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یہ سرکاری ملازمین مریضوں کی جھرمٹ میں موجود ہیں اور سیلفی بنا رہے ہیں مریضوں کے چہروں پر ماسک بھی ہیں اور مریض بھی اپنی مرضی سے تصاویر بنوارہے ہیں۔اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر تصاویر کے وائرل ہونے پر معاملے کی سنگینی کا احساس ہوا اور ان 6 ملازمین کو غفلت برتنے اور لوگوں کی جانیں خطرے میں ڈالنے پر معطل کردیا گیا ہے۔