جماعت اسلامی پشاور کا اقدام ،سڑکوں کی کلورین ملے پانی سے صفائی

115

پشاور (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی ضلع پشاور اور الخدمت فائونڈیشن کی طرف سے پشاور کے مصروف ترین بازار خیبر بازار میں کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر صفائی مہم کا آغاز کردیا ہے اور اس سلسلے میں امیر جماعت اسلامی پشاور عتیق الرحمن کی قیادت میں خیبربازار میںکلورین ملے پانی سے فٹ پاتھ اور سڑکوں کو دھونے کی مہم کا آغاز کردیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے رضاکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم پشاور شہر کو کورونا وائرس سے مکمل صاف کرکے دم لیں گے اور اپنے ہم وطنوں کو اللہ کی مدد سے اس موذی مرض سے نجات دلائیں گے۔ جماعت اسلامی حکومت اور عوام کے ساتھ اس مشکل اور آزمائش کی گھڑی میں شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس ایک عالمی وبائی مرض ہے، جس سے گھبرانے یا خوف کھانے کی ضرورت نہیں ہے۔ جماعت اسلامی الخدمت فائونڈیشن کی وساطت سے صفائی مہم کا آغاز کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دو تین ہفتوں میں پشاور جماعت اسلامی ٹاسک فورس کے ذریعے بھرپور آگاہی مہم چلائے گی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع پشاور کے جنرل سیکرٹری قاری احمد سعید، صدر الخدمت فائونڈیشن ضلع پشاور ارباب عبدالحسیب خان، صدر الخدمت تاجران ضلع پشاور خالدگل مہمند، جنرل سیکرٹری عرفان پراچہ، صدر جماعت اسلامی لیبر ونگ ضلع پشاور رضوان صراف، جنرل سیکرٹری نادر خان، صدر خیبر بازار خالد محمود، جنرل سیکرٹری بشیر زادہ، الخدمت ڈیزاسٹر کے کوارڈینیٹر میاں ضیا الدین، دائود زرگر، سمیع اللہ کیانی اور بڑی تعداد کیڈ رضا کار بھی موجود تھے۔ رضا کاروں سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر عتیق الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی ناداروں، مزدوروں اور دیہاڑی داروں کو اس آفت کے وقت تنہا نہیں چھوڑلے گی اور مطلوبہ راشن اُن کے گھروں تک پہنچا کر دم لے گی۔ جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضا کار ہم وقت تیار ہے اور شبانہ روزکام کرکے عوام کو ہر ممکن سہولت اور ریلیف پہنچائے گی۔ عوام سے اس سلسلے میں بھرپور تعاون کی اپیل کی جاتی ہے۔