حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) عالمی وبا کورونا سے بچائو اور نجات کے لیے علما مشائخ کا جمعہ کو یوم استغفار کے طور پر منانے کا اعلان، عوام سے گھروں اور مساجد میں آیت کریمہ کا ورد اور درود تنجینا کی تلاوت کے ساتھ ساتھ استغفار کی اپیل، مساجد کی بندش اور عبادات پر پابندی سے گریز کیا جائے، قوم عالمی وبا کورونا سے بقا کی جنگ لڑ رہی ہے، آزمائش کی موجودہ گھڑی میں قوم تو بہ استغفار کے ذریعے کورونا کو مات دینے میں کامیاب ہوگی۔ ان الفاظ اور اعلان کا اعادہ علما مشائخ فیڈریشن آف پاکستان کے ویڈیو لنک پر منعقدہ خصوصی اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت مرکزی چیئرمین پیر صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی مرشدی نے کی۔ اجلاس میں مرکزی صدر پیر غلام غوث محی الدین حسینی جانی شاہ، بی بی سیدہ حاجرہ حقانی چیئرپرسن شعبہ خواتین، علامہ پروفیسر ڈاکٹر جلال الدین نوری، خطیب اہلبیت علامہ محسن کاظم، علامہ ڈاکٹر مہربان مجددی نقشبندی، ایڈووکیٹ پروفیسر ضیاالدین، علامہ پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید، پیر مفتی محمد فیض قادری، علامہ ڈاکٹر محمود عالم عاصی، مرشد احمد سفیان گورایا ایڈووکیٹ، ایس مسرور ہاشمی، علامہ پروفیسر ڈاکٹر حافظ ضیا الدین، ڈاکٹر فیاض شاہین، سید معین شاہ، حاجی جمیل، فیصل کھرل، ندیم شہزاد، مصور اقبال، احمد مہران گورایا ایڈووکیٹ، عامر ضیا اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں کورونا کی وجہ سے ملک بھر میں پریشان کن صورتحال خصوصاً مساجد کے متعلق مصر کے علما کا فتویٰ حکومتی اور انتظامی سطح پر جاری کردہ احکامات پر غور کیا گیا۔ بعد ازاں قرآن و سنت کی روشنی میں متفقہ رائے سے طے پایا کہ کورونا سے تحفظ کے لیے عوام میں احتیاطی تدابیر کے شعور کی آگہی کے لیے حکومت و انتظامیہ سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ نیز جمعۃ المبارک سمیت پنجگانہ نمازوں کو متعلق مساجد کی بندش اور نماز باجماعت کو معطل کرنے کے اقدامات سے گریز کرنے کی تنبیہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ مساجد اور خانقاہیں امن و سلامتی، شفا اور اللہ کو راضی کرنے کے مدارج ہیں، اگر یہ مراکز بھی بند کردیے گئے تو قوم امن و سلامتی والی جگہوں سے محروم ہو جائے گی۔ اجلاس میں حکومت کی جانب سے اعلان کردہ امدادی پیکج مبلغ 3000 روپے کو عوام سے مذاق قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ حکومت کا مزدوروں کے لیے اعلان کردہ ماہانہ امداد تین ہزار روپے بہت کم ہے، اسے کم از کم نو ہزار کیا جائے، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں دنیا بھر میں تیس فیصد تک گرگئی ہیں مگر وزیر اعظم نے صرف 15 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا ہے، جو ناکافی ہے۔ تین ماہ کے لیے پیٹرول سمیت پانی، بجلی، گیس پر ہر طرح کے ٹیکس، ڈیوٹی اور سرچارجز وغیرہ ختم کردیے جائیں۔