وزیر اعظم آزاد کشمیر کا ڈاکٹر اسامہ کے لیے’’نشان کشمیر‘‘کا اعلان

135

مظفر آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) آزاد کشمیر کے وزیر اعظم راجا فاروق حیدر نے کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے کے دوران کورونا کا شکار ہو کر جاں بحق ہونے والے گلگت بلتستان کے ڈاکٹر اسامہ ریاض کے لیے ریاست کے اعلیٰ ترین سرکاری اعزاز ‘نشانِ کشمیر’ کا اعلان کیا ہے۔کورونا وائرس کی صورتحال کے جائزے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے راجا فاروق حیدر نے کہا کہ ڈاکٹر اسامہ شہید نے بہادری اور ہمت کی ایک مثال قائم کی ہے اور وہ نہ صرف اپنی کمیونٹی اور ملک بلکہ پوری انسانیت کا فخر ہیں۔اجلاس میں طبی عملے کے خدمات پر انہیں بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا۔راجا فاروق حیدر نے کہا کہ ‘ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کورونا وائرس کے خلاف ہماری جنگ میں صف اول کے سپاہی ہیں اور اس کے لیے ہم ان کے انتہائی مشکور ہیں۔’