خیبرپختونخوا میں فرنٹ لائن ڈیوٹی کرنیوالوں کیلیے خصوصی پیکیج کا عندیہ

83

پشاور(اے پی پی)کورونا صورتحال کے باعث وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے عوام کے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ نے فرنٹ لائن پر ڈیوٹی کرنے والے ملازمین کے لیے بھی خصوصی پیکیج کی منظوری کا عندیہ دے دیا ہے۔وزیر اعلیٰ محمود خان کا کہنا ہے کہ اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر خدمات انجام دینے والے ہیلتھ ورکز اور دیگر عملے کی بھر پور حوصلہ افزائی اور معاونت کی جائے گی،تجارتی مراکز کو بند رکھنے پر مالکان اور خود کو گھروں تک محدود کرنے پر عوام کا مشکورہوں۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کورونا صورتحال کے پیش نظر صوبے کے کمزور طبقے کے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان کرنے کے بعد اس وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے طبی عملے اور دیگر ملازمین کے لیے بھی خصوصی پیکیج کی منظوری کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر لوگوں کو اس وبا سے محفوظ کرنے کے لیے دن رات خدمات انجام دینے والے ملازمین کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں خصوصی پیکیج دینے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کورونا کے خلاف اس جنگ میں فرنٹ لائن پر لڑنے والے ملازمین بشمول طبی عملے، ریسکیو اہلکار، پولیس اور دیگر ملازمین کو اصل ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت ان کی شبانہ روز خدمات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، صوبائی حکومت ان ملازمین کی تحفظ اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔وہ ذاتی طور پر فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والے ان ملازمین کے حوصلے اور انسانی خدمت کے جذبے پر فخر محسوس کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کرتے ہیں کہ وہ قوم کیلیے اپنی گرانقدر خدمات کا یہ سلسلہ آنیوالے دنوں میں اسی جوش اور جذبے کے ساتھ جاری رکھیں گے۔