مستحق خاندانوں میں 11 ارب 40 کروڑ تقسیم کرینگے‘ مشیراطلاعات پختونخوا

116

پشاور (اے پی پی) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا ہے کہ مستحق خاندانوں میں11 ارب 40 کروڑ روپے تقسیم کریں گے‘ صوبائی کابینہ نے کاروباری طبقے کو5 ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ اور محکمہ صحت کو سامان کی خریدی کے لیے8 ارب کی منظوری دے دی۔ پریس بریفنگ کرتے ہوئے مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا کہ کابینہ کی طرف سے منظور شدہ پیکج صوبے کے19لاکھ مستحق خاندانوں میں تقسیم کیا جائے گا‘3 ہزار روپے احساس پروگرام کے تحت جبکہ 2 ہزار روپے خیبر پختون خوا حکومت کی طرف سے دیے جائیں گے‘ جس کی کل مالیت11ارب 40 کروڑ روپے ہے‘ کابینہ نے کاروباری طبقے کو5 ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ اور محکمہ صحت کو ضروری طبی سامان کی خریداری کے لیے8ارب روپے کی منظوری دے دی۔ مشیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں کورونا ٹیسٹ کی استعداد کار500 تک پہنچا دی گئی ہے‘حکومت ضلعی اسپتالوں میں تمام ضروری آلات فراہم کر رہے ہیں‘ ہیلتھ ورکرز، پولیس اور فرنٹ لائن پر موجود تمام عملے کے لیے حفاظتی انتظامات کر لیے گئے ہیں۔