پشاور (اے پی پی)جمعیت علما اسلام کے سر براہ مولانا فضل الرحمن کی ہدایت پر پارٹی کارکنوں کی جانب سے ملک بھر میں مستحق افراد کو راشن پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے ۔ مولانا فضل الرحمن نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ صلوۃ التوبہ کے نوافل ادا کریں اور کثرت سے استغفار کریں ۔ مولانا محمد امجد خان کے مطابق پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا میں غربا میں راشن کی تقسیم کا سلسلہ بڑی تیزی کے ساتھ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں مزدور طبقے اور غربا کی امداد کر نا اہل ثروت کی بنیادی ذمے داری ہے‘ پڑوسیوں کا بھی خیال رکھنا ہماری شرعی، دینی، اخلاقی ذمے داری ہے‘ صدقہ اور خیرات کر نے سے مصیبتیں اور مشکلات ٹل جاتی ہیں‘ اس وقت زیادہ سے زیادہ صدقہ و خیرات کر نے کی ضرورت ہے۔