کورونا وائرس پاکستان میں بڑی تباہی مچا سکتا ہے ، اقوام متحدہ

138

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کورونا وائرس کے بڑے متاثرین میں شامل ہو گا ۔ مالی بحران کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔ اقوام متحدہ نے پاکستان کو خبردار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق جنیوا میں اقوام متحدہ نے کورونا وائرس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں تجارت اور ترقی سے متعلق کانفرنس کا انعقاد کیا۔ اقوام متحدہ میں یو این سی ٹی اے ڈی کے اجلاس میں ترقی پذیر ممالک کی مالی حالت کو بھی زیر بحث لایا
گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوبی افریقی ممالک سمیت پاکستان کورونا وائرس کے بڑے متاثرین میں شامل ہوگا اور اس کو مالی بحران کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔دنیا کے 170 ترقی پذیر ممالک کو مالی بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ ایمرجنسی حالات پر قابو پانے کیلیے ترقی پذیر ممالک کو5۔0 ٹریلین ڈالرایمرجنسی کیلیے، ہیلتھ کیلیے ایک ٹریلین جبکہ ایک ٹریلین ڈالر لوگوں کی امداد کے لیے ضرورت ہونگے۔ کہا گیا ہے کہ ترقی پذیر ممالک کو اڑھائی ٹریلین ڈالر کے پیکج کی ضرورت ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایشیائی مارکیٹ بحران کا شکار ہے جبکہ کرنسی کی قیمت بھی تیزی کے ساتھ گری ہے جس سے مشکلات بڑھ گئی ہیں۔2008 کے بعد ایشیائی مارکیٹ کو سب سے زیادہ بحران کا سامنا کورونا وائرس کے باعث پیش آ رہا ہے۔ رپورٹ کی نگرانی کرنے والے اقوام متحدہ یو این سی ٹی اے ڈی کے ڈائریکٹر رچرڈ کوزول نے کہا ہے کہ افریقی ممالک سمیت پاکستان اور ارجنٹائن میں شدید مالی بحران پیدا ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ اقوام متحدہ کے پاکستان کو خبردار کرنے کے بعد حکومت پاکستان کو سخت اقدامات کرنے ہونگے تاکہ آنے والے ممکنہ خراب حالات سے نمٹا جا سکے۔