مخیرحضرات مشکل گھڑی میں ہمارا ساتھ دیں ،راجامحمد جواد

130

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی ضلع راولپنڈی راجا محمدجوادنے کہاہے کہ مشکل کی گھڑی میں جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے لاکھو ں رضاکار اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی ہر ممکن مدد کے لیے میدان عمل میں موجود ہیں کورونا وائرس پھیلاؤ روکنے کے حکومتی اقدامات کے دوران لاک ڈاؤن سے مزدور وں اور مستحق خاندانوں کو ان کے گھروں پر راشن اور دیگر ضروریات زندگی پہنچارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی سیکرٹری سیدامجدحسین شاہ، صدرالخدمت فاؤنڈیشن ضلع راولپنڈی میجر(ر) محمد منیر اعظم، امرائے زون اور اہل خیرحضرات سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔راجا محمد جواد نے کہاکہ اس آفت سے نمٹنے کے لیے جماعت اسلامی عملی طور پر میدان میں موجود ہے،امیرجماعت سینیٹرسراج الحق واحد قومی لیڈرہیں جو مصیبت کے وقت عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اورجماعت اسلامی امدادی سرگرمیوں میں فرنٹ لائن پر ہے،مخیرخواتین وحضرات امدادی کاموں کو جاری رکھنے کیلیے جماعت اسلامی الخدمت فاؤنڈیشن کو عطیات دیں تاکہ ہم احسن طریقے کے ساتھ اپنی امدادی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔انہوں نے کہاکہ عوام ضرورت مندوں کی مدد کر کے ذمے دار شہری ہونے کا ثبوت دیں کیونکہ یہی وقت ہے کہ ہم ایک قوم بن کر ایک دوسرے کی مدد کرکے دنیا کے سامنے پاکستان کا روشن چہرہ پیش کریں او رآخرت میں بھی جنت کی صورت اس کا بہترین بدلہ پائیں۔