ایران سے آئے 121زائرین کو گھر جانے کی اجازت

115

پشاور( آن لائن )خیبر پختونخوا میں ایران سے آئے 121زائرین کی ا سکریننگ مکمل کر لی گئی ۔ رپورٹ منفی آنے پر گھروں میں جانے کی اجازت دے دی ۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے وزیرصحت تیمور جھگڑا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری ایک پیغام میں کہا ہے کہ تفتان سے آئے 121 افراد کی ا سکریننگ مکمل کرلی گئی ہے ، تمام کی رپورٹ منفی آئی ہے انہیں گھر جانے کی اجازت
دے دی گئی ہے ، زائرین آج اپنے گھر جا سکیں گے۔تیمور جھگڑا نے بتایا کہ ان زائرین کو پشاور اور ڈیرہ اسماعیل خان کے قرنطینہ میں رکھا گیا تھا ۔صوبائی وزیر صحت کی جانب سے ایک لسٹ بھی شیئر کی گئی جس کے مطابق 4 زائرین کا تعلق اسلام آباد، 2 کا راولپنڈی ،5 کا ڈیرہ اسماعیل خان جبکہ دیگر کا تعلق کوہاٹ ، بنوں، مردان ،صوابی ،ہری پور، ایبٹ آباد سوات، گجرات ، رولپنڈی، جھنگ ، گوجرانولہ ،منڈی بہاوالدین اورچارسدہ سمیت دیگر شہروں سے ہے۔