کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسماعیل کی صدارت میں حکومت سندھ کی کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ کمیٹی کا اجلاس گورنر ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ، سیکریٹری خزانہ حسن نقوی، ایڈیشنل سیکریٹری صحت عبدالعلیم لاشاری، مشتاق چھاپرا اور ڈاکٹر عبدالباری نے شرکت کی۔
اجلاس میں لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کو موثر ریلیف فراہم کرنے کے لئے اقدامات پر غور کیا گیا۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی مشترکہ کاوشوں سے ہی کورونا وائرس کو شکست دی جاسکتی ہے کیونکہ یہ ہم سب کی جنگ ہے، اسے ہمیں مل کر لڑنا اور کورونا وائرس کو شکست دینا ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ مخیر حضرات کا تعاون متاثرہ خاندانوں کی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گا کیونکہ لاک ڈاؤن سے متاثرہ خاندانوں کو راشن کی فراہمی ایک دشوار چیلنج ہے اور انہوں نے کہا کہ اس چیلنج سے نمٹنے کے لئے سماجی بھلائی کی غیر سرکاری تنظیمیں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مستحق افراد کی نشاندہی کے لئے موثر میکنزم تشکیل دینے کی ضرورت ہے تاکہ انہیں بروقت امداد کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے۔ چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے گورنر سندھ کو کورونا پر کنٹرول کے لئے ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو کورونا کے مریضوں کی دیکھ بھال، علاج معالجہ اور ان کے گھروں کو راشن پہنچانے کی خصوصی ہدایات کردی گئی ہیں۔ اجلاس میں سیکریٹری خزانہ نے فنڈ میں موصول ہونے والے عطیات کی تفصیل بتائی۔
انڈس اسپتال کے سی ای او ڈاکٹر عبدالباری نے گورنرسندھ کو بتایا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کے ٹیسٹ کے لئے کئی اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ ضلع جنوبی میں ڈرائیو تھرو کورونا ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ انڈس اسپتال لاک ڈاؤن سے متاثرہ تھیلیسمیا بچوں کے لئے خون کے عطیات جمع کرنے کی مہم بھی چلا رہا ہے۔