کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے کراچی میں غریب افرادمیں راشن کی تقسیم کا نظام وضع کردیا ہے، کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ راشن شام 5 سے 7بجے یا پھر رات گئے تقسیم کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کراچی میں غریب افرادمیں راشن کی تقسیم کا نظام وضع کردیا، کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ راشن صرف گھروں کی دہلیز پر جاکر تقسیم کیا جائے اور راشن شام 5 سے 7بجے یا پھر رات گئے تک تقسیم ہوگا، راشن یونین کمیٹی کی سطح پر تقسیم کیا جائے۔
کراچی انتظامیہ نے سندھ حکومت کیجانب سے راشن تقسیم کرنے سے متعلق ایکشن پلان تیار کرلیا ہے، ڈپٹی کمشنرز کی نگرانی میں مستحق افراد،یومیہ اجرت سے محروم خاندانوں کو راشن ملے گا۔
گذشتہ روز سندھ حکومت نے صوبے بھر میں گھروں پر راشن پہنچانے کا فیصلہ کیا تھا اور صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کردی گئی ہے۔
یاد رہے محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے مستحق خاندانوں کو رقوم فراہمی کے طریقہ کار کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوء مستحق خاندانوں کے لیے موبائل رجسٹریشن سسٹم لانے کا فیصلہ کیا تھا۔
اس طریقہ کار کے تحت ضرورت مند خاندان کے ایک فرد کو موبائل رجسٹریشن سسٹم کے ذریعے رجسٹر کیا جائے گا، شناختی کارڈ کے ذریعے خاندان کو رجسٹر کر کے رقم دی جائے گی، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ رقوم کی ادائیگی کے لیے نجی موبائل کمپنی کی کیش ایپ استعمال کی جائے گی۔
اس سلسلے میں نادرا، اسٹیٹ بینک، ایف بی آر، ایف آئی اے سے خاندانوں کا ڈیٹا حاصل کیا جائے گا، اگر کسی شخص کے اکاؤنٹ میں 10 ہزار سے زائد رقم ہوئی تو وہ مستحق نہیں قرار پائے گا۔ حج، عمرہ کے علاوہ بیرون ملک سفر کی تفصیلات بھی حاصل کی جائیں گی۔
حکومت سندھ کی جانب سے مستحقین میں راشن کی فراہمی کا بھی نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ کمشنرکراچی نے راشن کی فراہمی کا جو نوٹی فکیشن جاری کیا ہے اس میں سامان کی مقدار اورتعداد بھی متعین کی گئی ہے۔
کمشنر کراچی کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق راشن کے ایک تھیلے میں بنیادی استعمال کی 12 اشیاء موجود ہوں گی۔صوبائی حکومت کی جانب سے مستحقین میں راشن کا جو تھیلا تقسیم کیا جائے گا اس میں دس کلو آٹا، پانچ کلو چاول، دو کلو شکراوردولٹر کوکنگ آئل شامل ہوگا۔کمشنر کراچی کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق راشن کے تھیلے میں مونگ، مسور اور چنے کی دالوں کے ایک ایک کلو والے پیکٹس شامل ہوں گے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے فراہم کیے جانے والے راشن کے تھیلے میں ایک کلو سفید چنے کا پیکٹ، نمک کا پیکٹ، لال مرچ، ہلدی اور دھنیا کے پیکٹس بھی شامل کیے گئے ہیں۔ کمشنر کراچی نے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں واضح کیا ہے کہ کسی بھی جگہ رش لگنے یا مجمع جمع ہونے کی صورت میں راشن تقسیم نہیں کیا جائے گا۔حکومت سندھ کی جانب سے فراہم کیے جانے والے راشن کے تھیلوں کی تقسیم شام پانچ بجے سے لے کر رات سات بجے تک کے درمیان عمل میں آئے گی۔