حیدرآباد،طویل لاک ڈاؤن ،مزدور طبقہ فاقہ کشی کا شکار

358

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) طویل لاک ڈاؤن اور حکومت کی جانب سے امداد نہ ملنے کے باعث مزدور دہاڑی دار طبقہ سخت پریشان گھروں میں فاقہ کشی کا سخت پریشان عوام کا پریس کلب کے سامنے احتجاج، شاہ لطیف لالو لاشاری کے رہائشی مزدوروں نے علاقے میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے راشن نہ ملنے کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔ اس موقع پر امیر علی چانڈیو نے بتایا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے کیے گئے لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہ بے روزگار ہیں جس سے ان کے گھر کا گزر بسر انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری کی وجہ سے وہ فاقہ کشی پر مجبور ہیں جبکہ سندھ حکومت سمیت وفاقی حکومت نے راشن اور مالی امداد کا اعلان کیا تھا لیکن اس پر ابھی تک عملدرآمد نہیں ہوسکا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر علاقہ مکینوں کو امداد دی جائے تاکہ وہ گھر کا گزر بسر کرسکیں اور بھوک و بدحالی سے محفوظ رہ سکیں۔ دوسری جانب پولیس نے لاک ڈاؤن مزید سخت کرتے ہوئے مارکیٹ تھانے کی حدود میں کھلنے والی بیکری، چائے کی پتی اور خشک دودھ کی دکانیں پولیس نے بند کرادیں۔ مذکورہ دکانیں لاک ڈاؤن میں کچھ نرمی کے باعث کھولی گئی تھیں جبکہ اتوار کے روز بھی تمام تجارتی مراکز بند رہے، تاہم صبح آٹھ سے پانچ بجے تک اشیا خورونوش کی دکانیں کھلی رہیں۔