بجلی گیس اور دیگر بلز معاف کیے جائیں

227

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے حکومت سندھ اور وفاقی حکومت کو متوجہ کیا ہے کہ زبانی دعوئوں کے بجائے اب ضرورت مندوں کی عملی مدد کرنا شروع کر دیں ۔ انہوں نے محض زبانی دعوے کرنے کے بجائے عملی خدمت کرنے کے دوران یہ بات کہی ہے ۔ الخدمت کے بارے میں سب جانتے ہیں کہ اس نے بلا امتیاز رنگ ‘نسل ‘علاقہ ومذہب ہر ایک کی خدمت کی ہے ۔ ضرورت مندوں کو تیار کھانے ، خشک راشن اور نقد رقوم بھی پہنچائی ہیں ۔ پبلک مقامات بشمول مسجد ، مندر ، چرچ ہر جگہ اسپرے کرایا ہے ۔ طبی عملے کو حفاظتی کٹس پہنچائی ہیں ۔ اس قدر وسیع نیٹ ورک ہے کہ پورے ملک میں جماعت اسلامی اور الخدمت خدمت اور دیانت کی علامت بن چکی ہے ۔آج کل پورے ملک میں جماعت اسلامی اہل خیر کے تعاون سے لوگوں میں خوراک کے پیکیج اور اسپتالوں کے عملے کے لیے حفاظتی کٹس تقسیم کر رہی ہے ۔ اگر حکومتیں خوراک کی تقسیم کے کام پر متفق نہیں ہیں اور ایک دوسرے پر الزام تراشی میں مصروف ہیں تو وہ اتنا ہی کر لیں کہ امدادی رقوم میں سے خوراک کے لیے رقوم الخدمت کے حوالے کر دیں اور بقیہ رقوم سے پورے ملک کے لوگوں کے بجلی، گیس اور پانی وغیرہ کے بلز ادا کر دیں ۔ لیکن ایسا لگ رہا ہے کہ امدادی رقوم کے حصول کے لیے حکومتیں تعداد بھی زیادہ ظاہر کر رہی ہیں تاکہ انہیں زیادہ امدادی رقوم مل سکیں ۔