مشکل دورسے گزررہے ہیں ، صنعتکار تعاون نہیں کررہے، جام کمال

96

کو ئٹہ (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان حب کے بڑے صنعت کاروں اور فیکٹری مالکان پر برس پڑے،انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے مشکل دور سے گزررہے ہیں۔ لیکن کئی بار گزارش کرنے کے باوجود صنعت کار اور فیکٹری مالکان نے صوبے کے عوام کی بھلائی میں کوئی کردارادا نہیں کیا۔ کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے سینئر صحافیوں اور چینلز کے بیورو چیف سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس ایک سنجیدہ مسئلہ ہے اس میں سول سوسائٹی، کاروباری طبقے، صنعت کاروں اور مخیرحضرات کو حصہ لینا چاہیے،سیندک ،چاغی اور لسبیلہ میں کام کرنے والی چائننز کمپنی نے کورونا وائرس کے حوالے سامان مہیا کرنے کا اعلان کیا ہے، چینی حکومت بلوچستان حکومت کی درخواست پر کورونا سے نمٹنے کے لیے ڈاکٹرز اور طبی عملہ بھیج رہاہے ، چین کے ڈاکٹرز اور عملہ صوبے کے ڈاکٹرز اور تیکنیکی عملے کو تربیت فراہم کرے گا، جام کمال کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں ایک لیب میں 5 مشینیں کورونا کے ٹیسٹ کر رہی ہیں، ٹیسٹ کرنے والی میشنوں میں صرف 24 گھنٹے میں 500 ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت ہے ، ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے مشکل دور سے گزررہے ہیں لیکن کئی بار گزارش کرنے کے باوجود صنعت کار اور فیکٹری مالکان صوبے کے عوام کی بھلائی میں کوئی کردار ادا نہیں کررہے ہیں ، وزیراعلی جام کمال خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں 17 مریض صحت یاب ہو گئے ہیں جن کے ٹیسٹ رپورٹس منفی آئے ہیں، امید ہے کہ آئندہ ٹیسٹ بھی منفی آئیں گے، ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز کی تنخواہوں سے کوئی کٹوتی نہیں ہوگی بلکہ کورونا کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز کو اضافی تنخواہ دی جائے گی۔