سول انتظامیہ کی معاونت بڑھائی جائے‘ کورکمانڈرز کانفرنس۔ فوج نے طبی سامان بلوچستان پہنچادیا

203
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت وڈیو لنک کور کمانڈرز کانفرنس ہورہی ہے

راولپنڈی( آن لائن+اے پی پی )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر پاک فوج نے بلوچستان میں طبی عملے کی مدد کے لیے ذاتی تحفظ کے آلات سمیت دیگر سامان پہنچادیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق آرمی چیف نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈکس اس جنگ میں صف اول کے سپاہی ہیں، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ اقوام/حکومتیں اس عالمی وبا سے لڑنے میں مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں۔جنرل باجوہ نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہمیں صبر اور ثابت قدمی سے کام کرنا چاہیے۔علاوہ ازیں آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں کور کمانڈرز بذریعہ وڈیو لنک اپنے اپنے ہیڈ کوارٹرز سے کانفرنس میں شریک ہوئے۔ کور کمانڈرز کانفرنس میںکورونا وائرس سے متعلق تازہ ترین صورتحال اور سول انتظامیہ کی مدد کے لیے ملک بھر میں پاک فوج کی تعیناتی کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اس موقع پر کورکمانڈرز نے کہا کہ سول انتظامیہ کی معاونت بڑھائی جائے۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل باجوہ نے کہا کہ تمام کمانڈرز کورونا وائرس سے متاثرہ عوام تک ہر ممکن وسائل فراہم کریں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر،اندرون سندھ اور بلوچستان کے دور دراز علاقوں تک ہر ممکن امداد پہنچائی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ قدرتی آفت کے خلاف جنگ میں ہر شہری ہمارے لیے اہم ہے ، با ہمت اور قربانی کے جذبے سے سرشار عوام کی مدد سے اس چیلنج سے نمٹنے میں سرخرو ہوں گے۔