شب برأت پر گھروں میں عبادت کریں: وزیر ا علیٰ سندھ

337

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ شب برأت کی عبادت گھروں میں کریں۔

اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کی ہدایت کی ہے، عوام سے گزارش ہے شب برأت پر گھروں میں رہ کر عبادت کریں۔

انہوں نے علمائے کرام سے بھی درخواست کی کہ وہ ٹی وی چینلز کے ذریعے شب برأت کی فضیلت پر بات کریں۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث پاکستان علماء کونسل نے بھی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ شب برأت میں گھروں میں رہ کر عبادات کریں اور اللہ کے حضور اپنے گناہوں کی توبہ کریں۔

شب برأت: لوگ انفرادی عبادات كريں ،مساجد ميں اجتماعات نہیں ہوں گے، پاکستان علماء کونسل

اس کے علاوہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 758 ٹیسٹ کئے ہیں جس کے بعد اب تک ہونے والے ٹیسٹوں کی تعداد 10981 ہے اور ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت کو بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مزید 50مریض سامنے آئے ہیں جن میں سے 382 مریض گھروں میں آئسولیٹ ہیں جب کہ 97 مریض مختلف آئسولیشن سینٹرز میں ہیں اور اب صوبے میں کیسز کی تعداد 1036 ہو گئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ صوبے میں کورونا وائراس سے متاثرہ دو مزید افراد جاں بحق بھی ہو گئے ہیں جس کے بعد سندھ میں کورونا سے اموات کی تعداد 20 ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے 4122 افراد متاثر ہو چکے ہیں جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 60 ہوگئی ہے۔