حکومت عوام کو ادویات و اشیائے خورونوش پر سبسڈی دے ،سراج الحق

237
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق پشاور میں پولیس سروسز اسپتال کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

پشاور( نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ انصاف کا تقاضا ہے کہ حکومت سرمایہ داروں ، جاگیرداروں سے سبسڈی واپس لے کرغریب عوام کو ادویات ، سستے علاج اور کھانے پینے کی اشیا میںسبسڈی دے ۔ حکومت نے جاگیرداروں اور شوگرملز مالکان کو شوگر میں اربوں روپے کی سبسڈی دی ہے ۔ گزشتہ چند ماہ میں پاکستان کے عوا م سے چینی کی مد میں 85 ارب روپے ناجائز منافع کمایا گیا جس میںسے 76 ارب روپے سے زاید قومی خزانے کے بجائے شوگر ٹائیگرز کی جیبوں میںگئے ہیں ۔ حکومت اپنی سوچ تبدیل کرے اور سرمایہ داروں کونوازنے کے بجائے غریب لوگوں کے مسائل حل کرے ۔ خوف اور بھوک نے غریب عوام کے گھروں میںڈیرے ڈال دیے ہیں ۔حکومت بیرونی امداد کا انتظار نہ کرے اور 12 سو ارب روپے کا جو اعلان کیاہے وہ فوری طور پر عوام میںتقسیم کرے ۔ موجودہ صورت حال میںفرنٹ لائن پر موجود ڈاکٹرز ، پولیس جوان ، الخدمت فائونڈیشن کے رضاکاروں اور میڈیا کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیںجو ایمانی جذبے کے ساتھ میدان میںمصروف عمل ہیںاور جرأت اور بہادری سے وبا کا مقابلہ کررہے ہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے پولیس سروسزاسپتال پشاور کے دورے اور الخدمت اسپتال نشترآباد میںکورونا اسپیشل کیئر یونٹ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی خیبرپختونخوا عبدالواسع ، صدر الخدمت فائونڈیشن خیبر پختونخوا خالد وقاص چمکنی ، امیر جماعت اسلامی پشاور عتیق الرحمن ، صدر الخدمت فائونڈیشن پشاور ارباب عبدالحسیب ،معروف سرجن ڈاکٹر عبدالمالک ، ڈاکٹر اقتدار بھی ان کے ساتھ تھے ۔ ایم ایس پولیس سروسز اسپتال ڈاکٹر فخرالدین اور ڈاکٹر نصیر الدین نے اسپتال پہنچنے پرسراج الحق کا استقبال کیااور کورونا کے مریضوں کے متعلق بریفنگ دی ۔ ایم ایس نے الخدمت فائونڈیشن کی طرف سے مریضوں اور ان کے ساتھ آنے والے لوگوں کے لیے 3 وقت کے کھانے کی فراہمی پر الخدمت فائونڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔ سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ ڈاکٹر ز اورپیرا میڈیکل اسٹاف قومی ہیروز کے طور پر سامنے آئے ہیں، ہم قوم کی طرف سے سلام پیش کرتے ہیں۔ الخدمت فائونڈیشن نے اپنے اسپتال ، آغوش ہومز ، ایمبولنس سروسز اور رضاکاروں کی خدمات حکومت کو پیش کرکے مثال قائم کی ہے ۔ پوری دنیا کورونا وبا سے پریشان ہے اس کا واحد حل رجوع الی اللہ ہے ۔ جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن فرقہ واریت، لسانیت، برادری ازم سے بالا تر ہوکرلاک ڈائون کے ا س دور میں خدمت کے جذبے کے تحت کام کررہی ہیں اور لوگوں کے گھروں تک امداد پہنچائی جارہی ہے کیونکہ حکومتی ریلیف پیکج کا فائدہ عام آدمی تک نہیں پہنچا۔انہوںنے کہاکہ کورونا کی وجہ سے پوری دنیا متاثر ہے، جماعت اسلامی نے اس موقع پر عوام کو تنہا و لاوارث نہیں چھوڑا اور الخدمت فائو نڈیشن کراچی سے لے کر چترال تک عوام کی خدمت میں مصروف ہے ۔