لاک ڈائون سے متاثرہ خاندانوں کو راشن کی ترسیل یقینی بنائی جائے،ریاض سعدی

133

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی علما مشائخ ونگ کے ضلعی صدرریاض احمدسعدی نے کہا ہے کہ حکومت نماز کی ادائیگی پر پابندی ختم کرے، لاک ڈائون سے متاثرہ خاندانوں کو راشن کی ترسیل یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وبائی امراض کی صورت میں احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کرنی چاہیے لیکن وائرس کی آڑ میں لوگوں کو نمازِ جمعہ اور دیگر نمازوں سے روکنا اللہ کے عذاب کو دعوت دینے کے مترادف ہے، مساجد ایک ایسا فورم ہے جہاں سے لوگوں کو احتیاطی تدابیر،خوف خدا اور رجوع الی اللہ کے حوالے سے آسانی سے متحرک اور متوجہ کیا جاسکتا ہے، مضبوط ایمان ہی حالات کا پامردی سے مقابلہ کرسکتا ہے،یہ بات قابلِ تشویش ہے کہ حکومت لاک ڈائون میں نرمی کے بجائے لاک ڈائون کا دورانیہ بڑھاتی جارہی ہے جس کے باعث مزدور طبقہ اور سفید پوش افراد سخت پریشانی سے دوچار ہے پندرہ روزسے زیادہ عرصہ ہونے کو ہے لیکن آج تک حکومت کی جانب سے ایک راشن کا پیکٹ تقسیم نہیں کیا گیا۔ ریاض احمد سعدی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مساجد سے تالا بندی ختم کرکے نماز پڑھنے کی اجازت دی جائے نیز لاک ڈائون سے متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پرراشن کی ترسیل کو یقینی بنایا جائے۔