اپنےبہنوئی کےانتقال کےحوالے سےوزیراعلیٰ سندھ نے ویڈیو پیغام جاری کر دیا

282

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے اپنے بہنوئی کے انتقال پر ویڈیو پیغام جاری کر دیاہے جس میں انہوں نے ان کی بیماری کے حوالے سے تفصیلات بتائی ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایاکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ایک موت ہوئی ہے۔

میرے بہنوئی کی عمر 52 برس تھی ، 8 مارچ کو ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا تاہم وہ ہسپتال میں داخل ہوئے اور وہ کورونا سے جنگ جیت گئے تھے۔

29 اور 30 مارچ کو ان کے دو ٹیسٹ کیے گئے جس میں نتیجہ منفی آیا لیکن کورونا کی وجہ سے ان میں پھیپھڑوں اور دیگر امراض نمودار ہوئے اور وہ زندگی جنگ ہارگئے ، اللہ کو پیارے ہوگئے ۔

سید مراد علی شاہ کا کہناتھا کہ ہسپتال والوں کی جانب سے بتایا گیا کہ ان کا کوورنا ٹیسٹ منفی آ گیاہے اور یہ ختم ہو گیاہے لیکن اس کے باوجود بھی ہم نے حکومتی احکامات اور ایس او پیز کو مد نظر رکھتے ہوئے کل رات کو ان کی تدفین کی۔

ان کا کہناتھا کہ میں شکرگزار ہوں کہ دکھ کے وقت میں لوگوں نے مجھے یاد کیا ، مجھے کل رات سے ہزاروں لوگوں کے پیغامات آئے ہیں جن کو میں جانتا بھی نہیں ہوں ، میں سب سے یہی عرض کروں گا کہ وہ اپنے گھر میں بیٹھ کر ان کیلئے دعا کریں ۔

مراد علی شاہ کا کہناتھا کہ آپ اپنے گھروں میں بیٹھ کر حکومتی احکامات کی تعلیم کریں اور اس پر پوری طرح سے عملدرآمد کریں ، یہ احکامات ہم سب کی زندگی بچانے کیلئے ہیں ۔