میرپور(نمائندہ خصوصی)الخدمت فائونڈیشن آزاد کشمیرکے صدر ڈاکٹر ریاض احمد خان نے کہاہے کہ الخدمت فائونڈیشن آزاد کشمیر کورونا وائر س کے بحران کے دوران ایک کروڑ 72لاکھ رروپے کا امدادی سامان مستحقین میں تقسیم کرچکی ہے اور امداد کا سلسلہ جاری ہے،آزا دکشمیر میں کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر کام کرنے والے 7سو سرکاری اور پرائیویٹ ڈاکٹرز،آزاد کشمیرکے تمام انٹری پوائنٹس پر کام کرنے والے سرکاری اہلکاروںاورآزاد کشمیر کے پولیس اسٹیشن پر تعینات پولیس اور وہ اہلکار جو سڑکوں اور چوراہوں پر ڈیوٹی دے رہے ہیں ان میں حفاظتی کٹس تقسیم کی جاچکی ہیں۔بھمبر سے کیل تک الخدمت اور جماعت اسلامی کے رضا کار امدادی سرگرمیوںمیں مصروف ہیں، آزمائش کے اس مرحلے پر ہم قوم کے شانہ بشانہ ہیں۔الخدمت فائونڈیشن کے تحت آزاد کشمیرکے مختلف اضلاع میں آئسولیشن وارڈ ز بھی قائم کیے گئے ہیں۔ان خیالات کااظہارانہوںنے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر ریاض احمد نے کہاکہ اس وقت الخدمت اور جماعت اسلامی کے ہزاروں رضاکارامدادی کاموں میں مصروف ہیں،اہل خیر اس مرحلے پر الخدمت کے ساتھ تعاون کریں ۔