پانچ میں صرف 2افراد کوکورونا ہیلپ لائن یادہے، سروے رپورٹ

315

کورونا وائرس سے متعلق وفاقی حکومت نے ہیلپ لائن جاری کی ہے مگر پاکستان کے 5 میں سے صرف 2 افراد کو یہ ہیلپ لائن نمبر یاد ہے۔ باقی لوگوں کو یا تو معلوم ہی نہیں یا ان کو نمبر یاد نہیں ہے۔

گلوبل مارکیٹ ریسرچ کمپنی IPSOS نے جمعرات کو کورونا وائرس سے متعلق عوام کی رائے پر مبنی رپورٹ جاری کردی ہے جس میں یہ بات سامنے آئی ہے۔

اگر آپ بھی یہ رپورٹ پڑھ کر اپنا سر کھجانے لگے ہیں تو ہم آپ کو بتا دیتے ہیں کہ وفاقی حکومت کی کورونا ہیلپ لائن 1166 ہے۔

اس کے علاوہ لوگوں نے جو بتائے ان میں 1122 (ریسکیو سروس) 15 (پولیس ہیلپ لائن) اور 911 (امریکی ریسکیو سروس) شامل ہیں۔

ایک اور نمبر 1188 سروے کے دوران لوگوں نے بتایا، یہ وجود ہی نہیں رکھتا ہے۔

سروے میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ درست ہیلپ لائن بتانے والوں میں خواتین کے مقابلے میں مردوں کی تعداد زیادہ تھی۔ جن میں نوجوان اور تعلیم یافتہ افراد شامل تھے۔

اس سروے کیلئے 1000 لوگوں سے سوالات کیے گئے۔ جن میں 57 فیصد پنجاب، 22 فیصد سندھ، 6 فیصد بلوچستان، 10 فیصد خیبرپختونخوا اور 6 فیصد آزاد جموں و کشمیر کے باشندے شامل تھے۔

ایک ہزار میں 73 فیصد مرد اور 27 فیصد خواتین تھیں۔ تمام شرکا کی عمریں نوجوانی سے لیکر 50 سال سے زائد تھیں۔

سوال و جواب اکثر شہروں میں بسنے والے لوگوں سے کیے گئے جن میں اکثریت غریب طبقے سے تعلق رکھتی ہے۔