سمندر پار پھنسے پاکستانیوں کولانے کی تیاری کررہے ہیں،اسد قیصر

124

صوابی(صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے واضح کیا ہے کہ چینی وگندم انکوائری کے حوالے سے 25 اپریل کوفرانزک رپورٹ آنے پر کارروائی شروع ہو جائے گی۔ امریکا ،اٹلی،فرانس، بر طانیہ اور اسپین سمیت دیگر ممالک میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو لانے کے لیے شہر یار آفریدی کی سر براہی میں پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے،بہت جلد فلائٹس شروع کی جائیں گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ٹی ایم اے ٹوپی میں قائم احساس ایمر جنسی سینٹرز کے دورے کے موقع پر میڈیا سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔ ایم پی اے حاجی رنگیز احمد ، سابق تحصیل ناظم سہیل خان یوسفزئی اور دیگر بھی اس موقع پر موجو د تھے۔ اسد قیصر نے بتایا کہ پختونخوا سمیت پاکستان کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں کو کورونا وائرس سے بچائو کے لیے طبی آلات فراہم ، خالی اسامیوں پر ڈاکٹروں کی تعیناتی بھی کر دی گئی ہے ،پاکستان سمیت دیگر اسلامی ممالک میں کورونا کی وبا سب کو للہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی، امریکا ، بر طانیہ، اسپین اور دیگر ترقی یافتہ ممالک اس وبا پر قابو پانے میں ناکام رہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کے لیے احساس ایمر جنسی پروگرام کے تحت میرٹ کی بنیاد پر حکومتی امداد دی جارہی ہے ، دنیا میں سب سے زیادہ خیرات پاکستانی دیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے صنعتوں چلانے اورکچھ ٹرانسپورٹ شروع کرنے کی بھی اجازت دی ہے ، معاشی سر گر میوں کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہے ۔